سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(171) قبروں کی اونچائی کتنی ہونی چاہیے

  • 22604
  • تاریخ اشاعت : 2024-11-08
  • مشاہدات : 2764

سوال

(171) قبروں کی اونچائی کتنی ہونی چاہیے

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

میں نے ایک حدیث کافی مرتبہ پڑھی ہے کہ قبر زمین کے برابر ہونی چاہیے جب کہ ہمارے پورے ملک میں تمام قبریں زمین کے اوپر بنی ہوئی ہیں اس سلسلے میں میری رہنمائی فرمائیں۔ (محمد جاوید خاں، ناکھے پسرور)


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

ہمارے علم میں کوئی ایسی حدیث نہیں جس میں یہ حکم ہو کہ قبریں زمین کے برابر ہونی چاہئیں۔ شاید آپ کی مراد صحیح مسلم کی وہ حدیث ہو جس میں ابو الھیاج اسدی بیان کرتے ہیں کہ مجھے علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ کیا میں تمہیں اس کام پر نہ بھیجوں جس پر مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھیجا وہ یہ ہے کہ جو تصویر دیکھو اسے مٹا دو اور جو قبر اونچی دیکھو اسے برابر کرو، مگر اس کا مطلب یہ ہے کہ اونچی قبر کو دوسری قبروں کے برابر کر دو۔ یہ نہیں کہ زمین کے برابر کر دو کیونکہ اگر قبر زمین کے برابر بنائی جائے تو ظاہر ہے قبر کا نشان باقی ہی نہیں رہے گا پھر قبروں کی زیارت جس کی تلقین رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمائی ہے کیسے کی جائے گی؟ خود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی قبر زمین سے تقریبا ایک بالشت اونچی بنائی گئی ہے۔ چنانچہ صحیح ابن حبان میں ہے۔ جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے لحد بنائی گئی اس پر کچھ کچی اینٹیں نصب کی گئی ہیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی قبر زمین سے تقریبا ایک بالشت بلند کی گئی۔ (حدیث 2170) اس لئے مسنون طریقہ یہی ہے کہ قبر سے نکلنے والی مٹی ہی اوپر ڈالی جائے اسے کوہان نما بنایا جائے اور مزید مٹی لا کر اسے اونچا نہ کیا جائے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے منع فرمایا ہے۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

تفہیمِ دین

کتاب الجنائز،صفحہ:225

محدث فتویٰ

تبصرے