سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(168) خواتین کی نماز جنازہ میں شرکت

  • 22601
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-27
  • مشاہدات : 572

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا خواتین نماز جنازہ میں شرکت کر سکتی ہیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

خواتین نماز جنازہ اگر ادا کرنا چاہیں تو کر سکتی ہیں عبداللہ بن ابی طلحہ اپنے باپ ابوطلحہ سے بیان کرتے ہیں کہ جب عمیر بن ابی طلحہ فوت ہوئے تو ابو طلحہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بلایا تو ان کے ہاں اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے تو عمیر پر ان کے گھر میں نماز جنازہ ادا کی نبی صلی اللہ علیہ وسلم آگے بڑھے اور ابوطلحہ رضی اللہ عنہ آپ کے پیچھے تھے اور ام سلیم رضی اللہ عنہا ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کے پیچھے تھیں اور ان کے ساتھ ان کے علاوہ کوئی اور نہ تھا۔ (المستدرک للحاکم 1/519، 135 ط جدید)

امام حاکم اور امام ذہبی نے اس حدیث کو بخاری و مسلم کی شرط پر صحیح کہا ہے، امام حاکم فرماتے ہیں عورتوں کے نماز جنازہ ادا کرنے کی اباحت پر ایک سنت غریبہ ہے۔ اسی طرح سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ پر امہات المومنین رضی اللہ عنہن کا نماز جنازہ پڑھنا، صحیح مسلم کتاب الجنائز 99/973 وغیرہ میں مذکور ہے لہذا خواتین اگر نماز جنازہ ادا کرنا چاہیں تو وہ بھی شرکت کر سکتی ہیں البتہ اپنے حجاب اور پردے کا ضرور خیال رکھنا چاہیے۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

تفہیمِ دین

کتاب الجنائز،صفحہ:222

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ