السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
جمعۃ المبارک کے دن سورۃ الکہف پڑھنے کی کیا فضیلت ہے؟ قرآن و سنت کی روشنی میں بتائیں۔ جزاک اللہ (سائل مذکور)
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جس آدمی نے جمعہ والے دن سورۃ الکہف کی قراءت کی اس کے لیے دو جمعوں کے درمیان نور روشن ہو جاتا ہے"۔ (بیہقی 3/249، المستدرک 2/367)
اور دوسری روایت کے الفاظ ہیں کہ جس نے جمعہ والے دن سورۃ الکہف کی تلاوت کی اس کے لیے اس کے اور بیت اللہ کے درمیان نور روشن ہو جاتا ہے۔(بیہقی 3/249)
امام حاکم رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث کو صحیح الاسناد قرار دیا ہے جبکہ امام ذہبی رحمۃ اللہ علیہ نے نعیم بن حماد کو ذو مناکیر قرار دیا ہے۔ امام ذہبی کی جرح درست نہیں ہے کیونکہ نعیم اس روایت میں منفرد نہیں ہے۔ یزید بن مخلذ، سعید بن منصور نے اس کی متابعت کر رکھی ہے اس کی مزید تفصیل کے لیے ارواء الغلیل (626) 3/95-96 ملاحظہ ہو۔ اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ جمعہ والے دن سورۃ الکہف کی تلاوت کرنے سے دو جمعوں کے درمیان تک نور عطاء کر دیا جاتا ہے یا اس آدمی سے لے کر بیت اللہ تک نور روشن کر دیا جاتا ہے۔
لہذا اسے جمعۃ المبارک والے دن پڑھنا بالکل صحیح ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب