السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
وضو کرنے کے بعد اگر کسی کی شلوار ٹخنوں سے نیچے چلی جائے تو کیا وضو ٹوٹ جاتا ہے۔ (شیخ ثاقب رحیم، وہاڑی)
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
چادر یا شلوار کا ٹخنوں سے نیچے لٹکانا گناہ ہے اور اگر اسے حلال جان کر تکبر کرتے ہوئے کرے تو کبیرہ گناہ ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث ہے کہ کپڑے کا وہ حصہ جو ٹخنوں سے نیچے لٹک رہا ہوتا ہے وہ آگ میں ہے۔ (ازارۃ المومن)
ایک حدیث میں ہے کہ جو غرور و تکبر سے کپڑا لٹکائے گا قیامت والے دن اللہ اس کی طرف نظر رحمت نہیں کریں گے۔ (ابوداؤد)
اور نسائی میں کپڑوں کا ٹخنوں سے نیچے جانا ہی تکبر گردانا گیا ہے۔ لہذا یہ کام گناہ ضرور ہے لیکن کسی صحیح حدیث میں یہ نہیں ہے کہ کپڑا اگر لٹک جائے تو وضو ٹوٹ جاتا ہے اور مسند احمد و ابوداؤد میں جو روایت ہے کہ ایک آدمی کا کپڑا ٹخنوں سے نیچے تھا تو آپ نے فرمایا جا کر وضو کر یہ صحیح نہیں اس کی سند میں ابو جعفر غیر معروف آدمی ہے۔ علامہ البانی رحمۃ اللہ علیہ نے تحقیق مشکوٰۃ 1/238 میں اس روایت کو ابو جعفر کی وجہ سے کمزور قرار دیا ہے۔ لہذا کسی صحیح حدیث میں وضو کے ٹوٹ جانے کا ذکر ہمیں نہیں ملا۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب