ایک شخص نے جنبی ہونے سے قبل سر میں تیل لگا رکھا تھا اب اس نے غسل کرنا ہے تو سر سے تیل نکالنے کے لئے اس کے پاس صابن یا کوئی ایسی شے نہیں جس سے تیل نکل جائے فقط پانی سے اس کے بال اور جسم طاہر ہو جائے گا؟ (جمیل۔ سی بلاک سبزہ زار لاہور)
پاک و صاف پانی میں اللہ تعالیٰ نے یہ وصف رکھا ہے کہ وہ خود بھی پاک ہے اور پاک کرتا بھی ہے۔
ارشاد باری تعالٰی ہے:
"اس نے تمہارے لئے آسمان سے پانی اتارا ہے تاکہ اس کے ساتھ تمہیں پاک کر دے۔"
اس آیت کریمہ سے معلوم ہوا کہ پانی میں پاک کرنے کی صلاحیت اللہ تعالیٰ نے رکھی ہے لہذا جنابت کی پلیدی دور کرنے کے لئے پانی کافی ہے۔ صابن، شیمپو وغیرہ ستھرائی اور طہارت کا باعث ہیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنھم سے غسل جنابت کے لئے پانی کا تذکرہ ہی ملتا ہے۔ اور اس پر کتاب و سنت اور اجماع امت دلالت کرتے ہیں کہ پانی بذات خود پاک ہے اور پاک کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب