السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:غیبت کا کفارہ یہ ہے کہ آپ نے جس شخص کی غیبت کی ہے اس کے لیے مغفرت کی دعا کریں۔ اے اللہ ہمیں اور اس کو معاف فرما :
(بیہقی /الدعوات الکبیر بحوالہ مشکوۃ المصابیح حدیث 4877)یہ روایت کیسی ہے؟(محمدمحسن سلفی کراچی )
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
یہ روایت امام بیہقی رحمۃ اللہ علیہ کی کتاب الدعوات الکبیر (2/294ح 507) میں عنبسہ بن عبد الرحمٰن القرشی عن ثابت البنانی عن انس بن مالک رحمۃ اللہ علیہ کی سند سے ہے۔
حافظ بیہقی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا:"فی ھذا الاسناد ضعف"اس سند میں کمزوری ہے۔
عنبسہ بن عبد الرحمٰن متروک ہے۔(دیکھئے تقریب التہذیب:5206)
امام ابو حاتم رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا :یہ شخص حدیثیں گھڑتا تھا۔ الجرح والتعدیل 6/402)
ابن جوزی رحمۃ اللہ علیہ نے یہ روایت اپنی کتاب الموضوعات (3/118۔119)میں ذکر کی ہے۔یہ روایت سخت ضعیف یا وموضوع ہے(شہادت جون 2003ء)
ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب