السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
سورۃ فاتحہ اور دوسری سورت کے درمیان بسم اللہ پڑھنےکی کیا دلیل ہے؟(ایک سائل)
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
"أُنْزِلَتْ عَلَيَّ آنِفًا سُورَةٌ"
میرے اوپر ابھی ایک سورت(دوبارہ) نازل ہوئی ہے۔پھر آپ نے پڑھا۔
"بِسْمِ اللَّـهِ الرَّحْمَـٰنِ الرَّحِيمِ إِنَّا أَعْطَيْنَاكَ الْكَوْثَرَ ﴿١﴾ فَصَلِّ لِرَبِّكَ وَانْحَرْ ﴿٢﴾ إِنَّ شَانِئَكَ هُوَ الْأَبْتَرُ ﴿٣﴾... سورةالكوثر
(صحیح مسلم کتاب الصلوٰۃ باب حجۃ من قال البسملۃ آیۃ من اول کل سورۃ سوی براءۃ ح400)
اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ فاتحہ کے بعد سورت سے پہلے بھی بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھنا چاہیے۔ایک دفعہ امیر المومنین معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے سورۃ فاتحہ سے پہلے بسم اللہ جہراً پڑھی مگر سورت سے پہلے (جہراً نہ پڑھی تو مہاجرین اور انصار نے اعتراض کیا، آپ نے اس کے بعد والی نماز میں سورت سے پہلے بسم اللہ (جہراً) پڑھی۔دیکھئے کتاب الام للامام شافعی رحمۃ اللہ علیہ (ج1ص108)
اس کی سند حسن لذاتہ ہے۔ اسے حاکم رحمۃ اللہ علیہ اور ذہبی رحمۃ اللہ علیہ دونوں نے مسلم کی شرط پر صحیح کہا ہے۔(المستدرک ج1ص233)
بعض لوگوں کا اپنے مسلک کی خاطر اس حدیث پر جرح کرنا صحیح نہیں ہے۔
یادرہے کہ کسی صحیح یا حسن روایت میں اس بات کی صراحت نہیں ہے۔ کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سورۃ فاتحہ کے بعد والی سورت کے شروع میں بسم اللہ الرحمٰن الرحیم نہیں پڑھتے تھے۔(شہادت ستمبر،2000ء)
ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب