سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(489) سرکاری اہل کار کو تحفہ

  • 20752
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 909

سوال

(489) سرکاری اہل کار کو تحفہ

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

جو اہل کار سرکاری طور پر کسی کام کے لئے تعینات ہوتے ہیں ، ان کو تحفہ وغیرہ دینا اور ان کا تحائف قبول کرنا شرعاً کیا حکم رکھتا ہے ، تفصیل سے ہماری راہنمائی فرمائیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

 سرکاری طور پر جو آدمی کسی کے لئے تعینات ہے اور اسے باقاعدہ اس کام کی تنخواہ ملتی ہے تو ایسے لوگوں کو تحائف دینا اور ان کے تحائف قبول کرنا ناجائز اور حرام ہے کیونکہ وہ اس کام کرنے کی باقاعدہ حکومت سے تنخواہ لیتے ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’ جس شخص کو ہم کسی کام پر تعینات کریں اور ہم اسے اس کام کا مقررہ معاوضہ بھی دیں تو پھر وہ جو کچھ بھی اس تنخواہ کے علاوہ لے گا وہ خیانت ہو گی۔[1]

سرکاری اہل کار کو چاہیے کہ وہ دیانت داری کے ساتھ اپنا کام سرانجام دے ، اس پر وہ کسی قسم کا تحفہ قبول نہ کرے کیونکہ ایسا کرنا رشوت اور خیانت میں شامل ہے ہاں اگر تحفہ کسی غرض کے بغیر ہو اور اسے عہدہ سے پہلے بھی تحفہ دیا جاتا تھا تو اسے قبول کرنے میں چنداں حرج نہیں ہے، اگر ایسا نہیں ہے تو لازماً تحفہ دینے والا سرکاری اہل کار کو اپنی طرف مائل کر کے اپنے مقاصد کو اس کے ذریعے پورا کرنا چاہتاہے اور اپنے حق میں فیصلہ کرانا چاہتا ہے۔ لہٰذا ایسے حالات میں سرکاری اہل کار کو تحفہ دینے اور اسے قبول کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے، حضرت ابو امامہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص اپنے بھائی کی سفارش کرے پھر اسے تحائف دیئے جائیں اور وہ انہیں قبول کرے تو یہ سود کے دروازوں میں سے ایک بڑے دروازے کو آیاہے۔[2]

لہٰذا ایسے حالات میں تحائف دینے اور لینے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ واللہ اعلم


[1] ابو داؤد : ۲۹۴۳۔

[2] ابو داؤد ، البیوع: ۳۵۴۱۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد4۔ صفحہ نمبر:432

محدث فتویٰ

تبصرے