سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(399) عقیقہ میں ایک جانور ذبح کرنا؟

  • 20662
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-26
  • مشاہدات : 755

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا عقیقہ میں لڑکے کی طرف سے ایک جانور بھی ذبح کیا جا سکتا ہے؟ کیا اس سلسلہ میں کوئی حدیث کتب احادیث میں مروی ہے، وضاحت کریں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے قولاً و عملاً یہی بات ثابت ہے کہ لڑکے کے عقیقہ میں دو چھوٹے جانور ذبح کئے جائیں ، جیسا کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حسن اور حضرت حسین  رضی اللہ عنہما کی طرف سے دو ، دو مینڈھے ذبح کئے۔[1]

اسی طرح ام کرز سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

’’ لڑکے کی طرف سے دو بکریاں جو ہم مثل ہوں اور لڑکی کی طرف سے ایک بکری ذبح کی جائے۔‘‘[2]

یہ حدیث سند کے اعتبار سے صحیح ہے، علامہ البانی رحمۃ اللہ علیہ نے اس روایت پر سیر حاصل بحث کی ہے لیکن آپ نے دو مینڈھوں والی روایت کو دو وجہ سے قابل ترجیح قرار دیا ہے ۔ علامہ البانی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ جن احادیث میں دو بکریوں کا ذکر ہے، وہ ایک اضافہ پر مشتمل ہیں اور ثقہ راوی کا اضافہ قبول ہوتا ہے۔ لہٰذا وہ قبول کئے جانے کے زیادہ مستحق ہیں، دوسری وجہ یہ ہے کہ قولی روایات میں دو جانوروں کا ذکر ہے ، اس طرح دوسری روایات بھی قولی روایت کے مطابق ہو جاتی ہیں۔ امام ابن القیم رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:

’’ قواعد شریعت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ لڑکے کے لئے دو جانور ذبح کئے جائیں، اس لئے کہ شریعت نے کئی احکام میں مرد کو عورت پر فضیلت اور برتری عطا کی ہے۔ ‘‘[3]

درج بالا بحث سے معلوم ہوتا ہے کہ لڑکے کی طرف سے دو جانور ذبح کرنا ہی زیادہ صحیح ہے، اس لئے لڑکے کی طرف سے دو جانور ہی ذبح کرنے چاہئیں۔ ( واللہ اعلم)


[1] سنن أبي داؤد، الضحاك : ۲۸۴۲۔

[2] سنن أبي داؤد ، الضحایا: ۲۸۴۱۔

[3] تحفة المودود، ص ۷۹۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد4۔ صفحہ نمبر:354

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ