ایک آدمی مالی اعتبار سے حج کرنے کی استطاعت رکھتا ہے لیکن جسمانی طور پر معذور یا اتنا کمزور ہے جو حج کی ادائیگی میں رکاوٹ کا باعث ہے، یا اسے ایسی بیماری لاحق ہے جس سے شفا کی امید نہیں، ایسے حالات میں فرضیت حج ساقط ہے یا اس کا کوئی متبادل حل ہے۔ کتاب و سنت کی روشنی میں راہنمائی فرمائیں؟
حج کی ادائیگی کے لئے اللہ تعالٰی نے استطاعت کا ذکر کیا ہے، اس سے مراد یہ ہے کہ وہ سواری پر بیٹھ سکتا ہو، سفر کی مشکلات برداشت کر سکتا ہو نیز حج کے لئے آنے جانے، کھانے پینے اور رہائش کا خرچہ اپنے پاس رکھتا ہو، اس کے علاوہ وہ اپنے اہل و عیال کا خرچہ بھی ادا کرنے کی پوزیشن میں ہو، اس تناظر میں اگر کوئی مالی اعتبار سے صاحب استطاعت ہے لیکن جسمانی طور پر وہ حج کرنے کے قابل نہیں تو اسے چاہئے کہ کسی کو نائب بنا کر حج کے لئے روانہ کرے جو اس کی طرف سے حج کرے۔ جیسا کہ ایک حدیث میں ہے: خشعم قبیلے کی ایک خاتون نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا کہ میرے والد پر حج فرض ہو چکا ہے لیکن وہ اس قدر بوڑھا ہے کہ سواری پر جم کر بیٹھ نہیں سکتا تو کیا میں اس کی طرف سے حج کر سکتی ہوں؟ آپ نے فرمایا: "ہاں! تو اس کی طرف سے حج کر سکتی ہے۔
یہ حجۃ الوداع کا واقعہ ہے۔" (صحیح البخاری،الحج:1513)
لیکن جس شخص کو نائب بنایا جائے اس کے لئے ضروری ہے کہ اس نے پہلے اپنا حج کیا ہو، جیسا کہ دوران حج رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آدمی کو سنا کہ وہ کہہ رہا تھا: "میں شبرمہ کی طرف سے حاضر ہوں۔"
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے پوچھا: کیا تو نے اپنا حج کیا ہے؟" اس نے عرض کیا: نہیں، آپ نے فرمایا: "تم پہلے اپنا حج کرو پھر شبرمہ کی طرف سے حج ادا کرو۔" (سنن ابی داؤد،المناسک:1811)
اس حدیث کی روشنی میں حج بدل کرنے والے کے لئے ضروری ہے کہ پہلے وہ اپنا حج کرے پھر کسی دوسرے کی طرف سے ادا کرے۔
ھذا ما عندی والله اعلم بالصوابماخذ:مستند کتب فتاویٰ