سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(107) تیسری اور چوتھی رکعت میں فاتحہ کے ساتھ کوئی سورت پڑھنا

  • 20368
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-06
  • مشاہدات : 1018

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

 پہلی اور دوسری رکعت میں فاتحہ کے علاوہ کوئی سورت پڑھنا احادیث سے ثابت ہے، کیا تیسری اور چوتھی رکعت میں فاتحہ کے ساتھ کوئی دوسری سورت پڑھی جا سکتی ہے یا صرف قرأت فاتحہ پر اکتفا کر نا ہے۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم دورانِ نماز سورۃ فاتحہ کے ساتھ مزید قرآن کریم کی کچھ تلاوت فرمایا کر تے تھے۔ جس کا ثبوت کتب حدیث میں مروی متعدد احادیث سے ملتا ہے، ظہر، عصر اور عشاء کی تیسری اور چوتھی رکعت میں سورۃ فاتحہ کے ساتھ کوئی اور سورت پڑھنا بھی جائز ہے ، اس کا ثبوت احادیث میں موجود ہے۔ چنانچہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر کی پہلی دو رکعات میں سے ہر رکعت میں تیس (۳۰) آیات کے برابر قرأت کر تے اور دوسری دو رکعت میں پندرہ آیات کے برابر اور عصر کی پہلی دو رکعات میں سے ہر رکعت میں پندرہ آیات کے برابر قرأت کر تے اور دوسری دو رکعات میں اس سے نصف کے بقدر قرأت کر تے تھے۔ [1]

اس حدیث سے معلوم ہوا کہ تیسری اور چوتھی رکعت میں سورۃ فاتحہ کے ساتھ کوئی بھی دوسری سورت پڑھی جا سکتی ہے، اگرچہ سورۃ فاتحہ پر اکتفا کرنا بھی جائز ہے کیونکہ اس کے بغیر نماز نہیں ہو تی تاہم اس کے ساتھ کوئی دوسری سورت بھی ملائی جا سکتی ہے۔ (واللہ اعلم)


[1] مسند احمد، ص ۲،ج۳۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد4۔ صفحہ نمبر:130

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ