سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(48) عورتوں کا مسجد میں نماز ادا کرنا

  • 20309
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 740

سوال

(48) عورتوں کا مسجد میں نماز ادا کرنا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کچھ عورتیں مسجد میں بڑے شوق سے نماز ادا کرتی ہیں ، کیا عورتوں کا مسجد میں آنا جائز ہے ، اگر وہ اپنے گھر نماز ادا کریں تو کیا اس کی اجازت ہے ؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

مرد حضرات کا مسجد میں با جماعت نماز ادا کرنا ضروری ہے ، البتہ عورتوں کے لیے جائز ہے کہ وہ مسجد میں آئیں اور نماز با جمات ادا کریں بشرطیکہ مسجد میں پردے کا اہتمام ہو اور یہ خود بھی مسجد میں سادگی کے ساتھ آئیں، ممکن ہے کہ نماز با جماعت ادا کرنے سے انہیں اضافی ثواب مل جائے لیکن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے کہ عورتوں کا گھر میں نماز ادا کرنا بہتر ہے۔ چنانچہ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’اپنی عورتوں کو مسجد میں جانے سے مت روکو اگرچہ ان کے گھر ان کے لیے بہتر ہیں۔‘‘ [1]حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث میں مزید وضاحت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عورت کی اپنے گھر کے اندر نماز صحن میں پڑھی جانے والی نماز سے افضل ہے اور گھر کے اندر اندرونی خاص کمرے میں نماز بیرونی کمرے میں ادا کی گئی نماز سے افضل ہے۔

بہر حال عورتوں کو اگر مسجد میں نماز پڑھنے کا شوق ہو تو سادگی کے ساتھ مسجد میں آئیں اور نماز با جماعت ادا کریں، اس میں کوئی شرعی قباحت نہیں ہے۔ خاوند کو اس جذبہ خیر کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاہم اگر عورت اپنے گھر میں نماز پڑھنے کا اہتمام کرے تو یہ اس کے لیے بہتر ہے۔ (واللہ اعلم)


[1] ابو داؤد، الصلوة:۵۶۷۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد4۔ صفحہ نمبر:81

محدث فتویٰ

تبصرے