سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(41) وضو کے بعد شرمگاہ کو ہاتھ لگانا

  • 20302
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-24
  • مشاہدات : 1125

سوال

(41) وضو کے بعد شرمگاہ کو ہاتھ لگانا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

وضو کے بعد اگر آدمی اپنی شرمگاہ کو ہاتھ لگائے تو کیا اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے نیز کیا عورت کے لئے بھی یہی حکم ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اگر آدمی نے وضو کیا ہے تو اس کے بعد اگر اس کا ہاتھ شرمگاہ کو لگ جاتا ہے تو اس سے وضو برقرار نہیں رہے گا بلکہ اسے نیا وضو کرنا ہو گا۔ چنانچہ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جس شخص نے اپنی شرمگاہ کو چھوا اسے چاہیے کہ وضو کرے۔ [1]

ناقص وضو کے اس حکم میں مرد اور عورت دونوں شامل ہیں، چنانچہ ایک دوسری حدیث میں اس کی مزید وضاحت ہے ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے: ’’ جو کوئی مرد اپنی شرمگاہ کو چھوئے اسے چاہیے کہ وضو کرے اور جو کوئی عورت اپنی شرمگاہ کو چھوئے وہ بھی وضو کرے۔[2]

لغت کے اعتبار سے لفظ فرج قُبل اور دُبردونوں کو شامل ہے البتہ ایک دوسری حدیث بظاہر اس کے معارض معلوم ہوتی ہے کہ ایک آدمی نے عرض کیا یا رسول اللہ ! ایسے شخص کے متعلق آپ کا کیا خیال ہے جس نے وضو کرنے کے بعد اپنی شرمگاہ کو چھو لیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ وہ تو صرف اس کے جسم کا ایک ٹکڑا ہے۔[3]

محدثین کرام رضی اللہ عنہم نے ان دو احادیث کے دوران تطبیق بایں طور پر بیان کی ہے کہ شرمگاہ کو چھونے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے بشرطیکہ ہاتھ اور شرمگاہ کے درمیان کوئی چیز حائل نہ ہو بلکہ براہ راست چھوا جائے ، جیسا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جو شخص اپنی شرمگاہ کو کسی پردے کے بغیر چھوئے تو اس پر وضو واجب ہے۔‘‘[4]

بہر حال وضو کے بعداگر کوئی مرد یا عورت کسی قسم کی رکاوٹ کے بغیر شرمگاہ کو چھوئے تو اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے ، ہاں اگر درمیان میں کوئی پردہ حائل ہو تو اس سے وضو نہیں ٹوٹتا ۔ ( واللہ اعلم)


[1] سن أبي داؤد ، الطھارة : ۱۸۱۔

[2] مسند أحمد ص ۲۲۳ ج۲۔

[3] ابن ماجہ، الطھارة : ۴۸۳۔

[4] مسند أحمد ص ۳۳۳ ج۲۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد4۔ صفحہ نمبر:75

محدث فتویٰ

تبصرے