السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ قربانی ذبح کرنے کی بجائے اگر اس کی قیمت صدقہ کر دی جائے تو یہ زیادہ بہتر ہے اس کے متعلق شرعی ضابطہ کی وضاحت کر دیں۔
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
قربانی ایک ایسا عمل ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور تابعینرحمہم اللہ علیہم نے اختیار کیا ہے، اگر قربانی ذبح کرنے کی بجائے اس کی قیمت صدقہ کرنا زیادہ بہتر ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ضرور اس کی وضاحت کر دیتے، حالانکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بات ثابت نہیں ہے، اگر قربانی کے بجائے اس کی قیمت صدقہ کرنا شروع کر دی جائے تو یہ سنت ہی ختم ہو جائے گی، حدیث میں ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’دس ذوالحجہ کو خون بہانے سے بڑھ کر ابن آدم اللہ کے ہاں کوئی عمل بہتر نہیں کرتا۔‘‘ [1]
امام ابن قدامہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ قربانی کی قیمت صدقہ کرنے سے قربانی افضل ہے۔ [2]
ہمارے رجحان کے مطابق قربانی کے دنوں میں قربانی ہی کی جائے کیونکہ اس میں سنت کا احیاء، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے طریقہ کی اقتداء ہے۔ (واللہ اعلم)
[1] ترمذی، الاضاحی: ۱۴۹۳۔
[2] المغنی ص: ۳۶۱،ج۱۳۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب