سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(420) خواب میں بار بار طلاق دینا

  • 20069
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-25
  • مشاہدات : 2552

سوال

(420) خواب میں بار بار طلاق دینا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

میں شادی شدہ ہوں اور اکثر یہ خواب دیکھتا ہوں کہ میں اپنی بیوی کو طلاق دے رہا ہوں، کیا خواب میں اپنی بیوی کو بار بار طلاق کہنے سے طلاق ہو جاتی ہے؟ اس سلسلہ میں میری راہنمائی کریں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

خاوند اگر بار بار خواب دیکھتا ہے کہ وہ اپنی بیوی کو طلاق دے رہا ہے تو اس خواب کی تعبیر یہ معلوم ہوتی ہے کہ بیوی خاوند کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں اور خاوند اس سے کافی حد تک کبیدہ خاطر ہے، فریقین کو چاہیے کہ وہ اصلاح احوال کی کوشش کریں، کیونکہ خاوند کے دل و دماغ پر طلاق سوار ہے، ایسا نہ ہو کہ وہ عالم بیداری میں اس قسم کے خواب کو سچا کر دکھائے، جہاں تک بیوی کو حالتِ خواب میں طلاق دینے کا مسئلہ ہے تو اس طرح کی طلاق قابل مؤاخذہ نہیں ہے اور نہ ہی اس قسم کی طلاق واقع ہوتی ہے کیونکہ سونے والے کا کوئی گناہ نہیں لکھا جاتا اور نہ ہی اس کے کسی قول و عمل کو معتبر خیال کیا جاتا ہے، اس قسم کے خواب شیطان کی طرف سے ہوتے ہیں تاکہ وہ ان کے ذریعے انسان کو پریشان کرے۔ حدیث میں ہے کہ جب کوئی انسان خواب میں ناپسندیدہ امر دیکھے تو اپنے بائیں جانب تھو تھو کرے اور شیطان مردود سے اللہ کی پناہ مانگے، نیز وہ اپنی کروٹ بدل کر لیٹ جائے، یہ عمل تین مرتبہ دہرائے۔ [1]

 بہرحال خواب کو کسی چیز کی بنیاد نہیں قرار دیا جا سکتا اور اس میں دی ہوئی طلاق کا بھی کوئی اعتبار نہیں ہے، بلکہ اس قسم کے خواب انسان کے اندرونی رجحانات کی نشاندہی کرتے ہیں۔ (واللہ اعلم)


[1] صحیح بخاری، التعبیر: ۷۰۰۵۔  

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:3، صفحہ نمبر:358

محدث فتویٰ

تبصرے