سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(393) منگیتر سے گفتگو کرنا

  • 20042
  • تاریخ اشاعت : 2024-03-19
  • مشاہدات : 716

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا انسان اپنی منگیتر کو دیکھ سکتا ہے اور اس سے گفتگو کی شرعاً اجازت ہے قرآن و حدیث میں اس کے متعلق کیا ہدایات ہیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

جس عورت سے شادی کرنی ہے، اسے نکاح سے پہلے دیکھنا جائز ہے تاکہ اسے اطمینان و سکون حاصل ہو جائے۔ حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے عہد رسالت میں ایک عورت کو پیغام نکاح بھیجا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے دریافت کیا: ’’آیا تو نے اسے دیکھا ہے؟‘‘ میں نے عرض کیا: نہیں۔ آپ نے فرمایا: ’’اسے ایک نظر دیکھ لو۔ اس طرح زیادہ توقع ہے کہ تم میں الفت پیدا ہو جائے۔‘‘ [1]

 اس کے متعلق متعدد احادیث منقول ہیں تاہم منگیتر کو دیکھنے کے لیے درج ذیل شرائط کا پایا جانا ضروری ہے:

1) نکاح کا پختہ ارادہ ہو محض دیکھنے کی حد تک دلچسپی نہ ہو۔

2) خلوت نہ ہو بلکہ لڑکی کے محرم کی موجودگی میں اسے دیکھا جائے۔

3) کسی قسم کے فتنے و فساد کا اندیشہ نہ ہو۔

4) مشروع مقدار سے زیادہ نہ دیکھا جائے یعنی لڑکی جو عام طور پر اپنے بھائی اور والد وغیرہ کے سامنے جو کچھ ظاہر رکھتی ہے صرف اس قدر دیکھنے پر اکتفاء کیا جائے۔ (واللہ اعلم)


[1]  مسند امام احمد،ص: ۲۴۴،ج۴۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:3، صفحہ نمبر:339

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ