السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
میرے بھائی کی منگنی کے لیے ایک جگہ بات ہو رہی تھی کہ ہمارے ایک عزیز نے وہاں اپنا پیغام نکاح بھیج دیا ہے، کیا ایسا کرنا شرعاً جائز ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جب کسی کے نکاح کے متعلق کسی جگہ بات چیت چل رہی ہو تو بات ختم ہونے سے پہلے کسی دوسرے کے لیے جائز نہیں ہے کہ وہ اس معاملہ کو خراب کرے اور وہاں اپنے نکاح کے متعلق بات چیت چلائے، شریعت نے اس سے منع کیا ہے۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم میں سے کوئی بھی اپنے بھائی کے پیغام نکاح پر اپنا پیغام نکاح نہ بھیجے۔‘‘ [1]
ہاں اگر فریق اول اجازت دے یا وہاں بات چیت ختم کر دے تو وہاں اس نکاح کے متعلق بات چیت کا آغاز کیاجا سکتا ہے۔ (واللہ اعلم)
[1] صحیح بخاری، النکاح: ۱۵۴۲۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب