السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
نماز جنازہ پڑھاتے وقت امام کو میت کے کس طرف کھڑا ہونا چاہیے، درمیان میں یا ایک طرف ہٹ کر؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب دیا جائے۔
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جب نماز جنازہ پڑھا جائے تو امام کو مرد کے جنازہ میں اس کے سر کے پاس اور عورت کے جنازہ کے لیے اس کے درمیان میں کھڑا ہونا چاہیے، حدیث میں اس کی صراحت ہے، حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، انہوں نے ایک شخص کی نماز جنازہ پڑھائی تو اس کے سر کے پاس کھڑے ہوئے، جب اسے اٹھا لیا گیا تو ایک عورت کا جنازہ لایا گیا تو اس کے درمیان میں کھڑے ہوئے پھر کسی نے دریافت کیا کہ کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس طرح کھڑے ہوتے تھے؟ تو انہوں نے فرمایا: ہاں آپ صلی اللہ علیہ وسلم مرد اور عورت کے جنازے کے لیے اس طرح کھڑے ہوتے تھے۔ [1]
اسی طرح حضرت سمرۃ بن جندب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے ایک عورت کا جنازہ پڑھا جو حالتِ نفاس میں فوت ہو گئی تھی تو آپ اس کے درمیان میں کھڑے ہوئے تھے۔ [2]
ان احادیث سے معلوم ہوا کہ آدمی کے جنازہ میں امام کو میت کے سر کے پاس اور عورت کے جنازہ میں اس کے درمیان میں کھڑا ہونا چاہیے۔ (واللہ اعلم)
[1] ابن ماجہ، الجنائز: ۱۴۹۴۔
[2] صحیح بخاری، الجنائز: ۱۳۳۱۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب