سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(154) دوران خطبہ سلام کا جواب دینا

  • 19803
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-18
  • مشاہدات : 729

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

دوران خطبہ سلام کا جواب دیاجا سکتا ہے یا نہیں؟ اسی طرح اگر چھینک آئے تو اس کا جواب دینا شرعاً کیساہے؟ قرآن وسنت کے حوالے سے جواب دیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

خطبہ جمعہ کے آداب سے ہے کہ اسے خاموشی اور توجہ سے سنا جائے، حتی کہ اگر دو شخص دوران خطبہ باتیں کرتے ہیں تو انہیں خاموش بھی نہیں کرانا چاہیے جیسا کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث میں ہے، رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جمعہ کے دن دوران خطبہ جب تم اپنے ساتھی سے کہو کہ خاموش ہو جاؤ تو بلاشبہ تم نے لغو حرکت کی ہے۔‘‘ [1]

 اس حدیث سے معلوم ہوا کہ دوران خطبہ ہر قسم کا کلام ممنوع ہے اگرچہ بعض احادیث میں ایسی حرکت سے جمعہ کے ضائع ہونے کا ذکر ہے لیکن یہ احادیث صحیح نہیں ہیں، اس لیے دورانِ خطبہ بات کرنے سے جمعہ تو ضائع نہیں ہو گا البتہ اجروثواب میں ضرور کمی ہو جائے گی، اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ دوران خطبہ سلام کا جواب دینا اور جسے چھینک آئے اس کے لیے یرحمک اﷲ کہنا ممنوع ہے۔

 مولانا عبدالرحمن مبارکپوری رحمۃ اللہ علیہ شارح ترمذی لکھتے ہیں: ’’میرے نزدیک زیادہ مناسب یہ ہے کہ دوران خطبہ کلام سے ممانعت کا مطلب یہ ہے کہ لوگوں کی باہمی گفتگو ممنوع ہے اور اسی طرح خاموشی سے مراد لوگوں کی باہمی گفتگو سے خاموشی ہے نہ کہ اﷲ کے ذکر سے خاموشی مراد ہے جیسا کہ ابن خزیمہ رحمۃ اللہ علیہ نے اسی موقف کو اختیار کیا ہے لہٰذا انسان کو چاہیے کہ وہ دوران خطبہ لوگوں سے کلام کرنے سے خاموش رہے لیکن پوشیدہ طور پر اپنے دل میں سلام کا جواب دے یا جسے چھینک آئے تو اسے خفیہ جواب دے، یارسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کا نام آنے پر آپ پر خفیہ درود پڑھ لے تو یہ شخص ہر مذکورہ ممانعت سے اجتناب اور حکم پر عمل کرنے والا ہوگا۔‘‘

 ہمارے رجحان کے مطابق یہ مؤقف صحیح ہے کیونکہ ان تمام اشیاء کو کلام نہیں کہا جاتا اور یہ انصات کے خلاف بھی نہیں ہے۔ (واﷲ اعلم)


[1] بخاری، الجمعہ: ۹۳۴۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:3، صفحہ نمبر:152

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ