سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(103) مقتدی کا دوران نماز جماعت میں داخل ہونا

  • 19752
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-11
  • مشاہدات : 637

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

جب کوئی نمازی اس وقت مسجد میں آئے جب امام سجدہ میں ہو تو نماز میں شامل ہونے کا کیا طریقہ ہے، کیا اسے سجدہ میں چلے جانا چاہیے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

نماز میں داخل ہونے کا طریقہ یہ ہے کہ نمازی اپنے دونوں ہاتھوں کو کندھوں تک اٹھائے پھر اللہ اکبر کہے جیسا کہ حدیث میں ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے تو اپنے دونوں ہاتھوںکو کندھوں کے برابر اٹھاتے پھر اللہ اکبر کہتے۔[1]

 نمازی جب دوران جماعت مسجد میں آئے تو اسے رفع الیدین کے ساتھ اللہ اکبر کہتے ہوئے نماز میں داخل ہونا ہو گا، پھر جس حالت میں امام ہے وہ حالت اختیار کرے۔ اگر امام سجدہ میں ہے تو اپنے ہاتھوں کو سینہ پر باندھے بغیر اللہ اکبر کہتا ہوا سجدہ میں چلا جائے، امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس سلسلہ میں ایک عنوان بایں الفاظ قائم کیا ہے: ’’سجدہ کے وقت اللہ اکبر کہتا ہوا نیچے جھکے۔‘‘[2]

 پھر انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ایک حدیث بیان کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب سجدہ کے لیے جھکتے تو اللہ اکبر کہتے۔ [3]

 دوران جماعت آنے والے نمازی کو امام کی حالت اختیار کرنے کے لیے سجدہ کے وقت دوبارہ تکبیر کہنا ہو گی، پہلی تکبیر کافی نہیں ہو گی۔ (واللہ اعلم)


[1]  صحیح بخاری، الاذان:۷۳۶۔

[2] صحیح بخاری، الاذان، باب:۱۲۸۔

[3] صحیح بخاری، الاذان:۸۰۳۔  

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

 

جلد3۔صفحہ نمبر 114

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ