سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(588) کیا سوگ منانا صرف بیوی کے حق میں لازم ہے؟

  • 19436
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-28
  • مشاہدات : 1590

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیا فوت ہونے والے شادی شدہ مردہ کا سوگ اس کی بیوی کے علاوہ دوسروں پر مثلاً اس کی بیٹیوں ،بہنوں اور بعض دیگر قرابت دار عورتوں پر بھی لازم ہوگا یا وہ صرف اس کی بیوی کے لیے خاص ہے؟کیونکہ ہمارے ہاں رواج یہ ہے کہ مذکر میت پر ہر قرابت دار سوگ مناتا سیاہ کپڑے پہنتا اور زیب و زینت ترک کرتا ہے کیاایسا کرنا ان کے لیے جائز ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

سوگ منانا صرف عورتوں کے لیے ہے مردوں کے لیے نہیں ہے پس مردوں کے لیے کسی میت پر سوگ منانا جائز نہیں سوگ منانا عورتوں کی خصوصیات میں سے ہے سوگ منانے کا مطلب یہ ہے کہ عورت مدت معینہ میں زیب و زینت اور مردوں کو رغبت دلانے والی اشیاء مثلاً خوشبواور تحسین سے گریز کرے۔ سوگ کا حکم یہ ہے کہ یہ میت کی قریبی عورتوں اور دیگر عورتوں کے لیے صرف تین دن کے لیے مباح ہے لیکن میت کی بیوی کے لیے عدت وفات کے دوران سوگ منانا واجب ہے۔

کیونکہ آپ  صلی اللہ علیہ وسلم   کا فرمان ہے۔

"لا يَحِلُّ لامْرَأَةٍ تُؤْمِنُ بِاللهِ وَاليَوْمِ الآخِرِ أنْ تُحِدَّ على مَيِّتٍ فَوقَ ثَلاَثِ لَيَالٍ، إلا علَى زَوْجٍ أرْبَعَةَ أشْهُرٍ وَعَشْرًا".[1]

"اللہ اور آخرت کےدن پر ایمان رکھنے والی کسی عورت کے لیے جائز نہیں ہےکہ وہ کسی میت پر تین دن سے زیادہ سوگ منائے سوائے خاوند کے اس پر وہ چار ماہ دس دن سوگ منائے گی۔"

حاصل کلام یہ کہ عدت وفات کی مدت میں بیوی پر سوگ منانا واجب ہے رہیں بیوی کے علاوہ دوسری عورتیں تو ان کے لیے میت پر صرف تین دن سوگ منانا و مباح ہے مگر مرد تو بلا شبہ کسی حالت میں بھی سوگ نہیں منائیں گے۔

جہاں تک کالے کپڑے پہننے کا تعلق ہے تو یہ جائز نہیں۔ اسلام نہ مردوں کو اس کی اجازت دیتا ہے اور نہ ہی عورتوں کو کیونکہ سیاہ لباس غم اور جزع کا اظہار کرتا ہے جبکہ اسلام کا طریقہ یہ نہیں ہے حتیٰ کہ سوگ منانے والی عورت بھی سیاہ لباس نہیں پہنچے گی وہ تو صرف عام حالت میں پہنےجانے والے کپڑے زیب تن کرے گی۔ جن میں زیب وزینت نہ ہو اور نہ ہی نظر کو متوجہ کرنے کا انداز ہو۔ یہ کپڑے کسی خاص رنگ مثلاً سیاہ سبز اور سرخ کے ساتھ مختص نہیں ہیں وہ ایسا لباس پہنے جس کا رواج ہواور اس میں زیب و زینت نہ ہو۔(الفوزان )


[1] ۔صحیح البخاری رقم الحدیث (1221)صحیح مسلم رقم الحدیث (1486)

ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب

عورتوں کےلیے صرف

صفحہ نمبر 520

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ