سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(481) ایک مجلس کی تین طلاقیں

  • 1939
  • تاریخ اشاعت : 2024-03-28
  • مشاہدات : 1603

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

ایک عورت کی شادی ہوئی اس کے پانچ بچے بھی ہیں تقریباً آٹھ دس سال اپنے خاوند کے ساتھ رہی پھر تقریباً دو سال تک وہ عورت اپنے میکے چلی گئی بچے خاوند کے پاس رہے دو سال بعد اس کا خاوند آیا اور اس نے کہا میں تمہیں تین طلاق دیتا ہوں یہ اس نے ایک ہی دفعہ کہا پھر اس نے ایک کاغذ پر باقاعدہ دستخط کر دئیے کہ میں تمہیں طلاق دیتا ہوں مسئلہ در پیش یہ ہے کہ اس نے اس کو پہلے کہا کہ میں تمہیں تین طلاق دیتا ہوں پھر کاغذ پر بھی لکھ دیا اور اس بات کو تقریباً ڈیڑھ ماہ کا عرصہ ہو گیا ہے اب وہ عورت اپنے خاوند کو تو ناپسند کرتی ہے لیکن بچوں کی خاطر واپس جانا چاہتی ہے اس کا خاوند رضامند ہے تو کیا وہ دو طلاقیں ہو چکی ہیں اور اگر وہ رجوع کرنا چاہے تو عدت کے اندر کر سکتا ہے اور کیا واقعی یہ دو طلاقیں ہیں یا کہ ایک ہیں کیونکہ پہلے اس نے ایک مجلس میں تین طلاقیں دی ہیں ۔ پھر باقاعدہ طور پر دستخط بھی کر دئیے ہیں ۔ برائے مہربانی قرآن وحدیث کی روشنی میں وضاحت فرمائیں ؟ اور اگر اس عرصے میں عدت گذر جائے تو کیا نکاح کی صورت میں وہ عورت اپنے خاوند کے پاس جا سکتی ہے ؟ ذرا وضاحت طلب ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

صورت مسئولہ میں  خاوند نے جب اپنی بیوی سے کہا ’’میں تمہیں تین طلاق دیتا ہوں‘‘ تو اسی وقت ایک طلاق واقع ہو گئی اس کے بعد اس نے لکھ دیا کہ میں تمہیں تین طلاق دیتا ہوں تو اگر اس نے پہلی زبانی دی ہوئی طلاقوں کو ہی لکھا ہے  تو طلاق ایک ہو گی ورنہ دو مگر ان دونوں کے درمیان چونکہ رجوع نہیں کیا گیا اس لیے علماء کی ایک جماعت ایسی دو طلاقوں کو ایک ہی قرار دیتی ہے مثلاً حافظ ابن تیمیہ اور حافظ ابن قیم اور حافظ گوندلوی  رحمہم اللہ تعالیٰ

بہرحال طلاق ایک ہو یا دو صورت مسئولہ میں عدت کے اندر رجوع بلا نکاح اور عدت کے بعد نکاح جدید کے ذریعہ خاوند اپنی اس مطلقہ بیوی کو اپنے پاس رکھ سکتا ہے اللہ تعالیٰ نے فرمایا :

﴿وَبُعُولَتُهُنَّ أَحَقُّ بِرَدِّهِنَّ فِي ذَٰلِكَ إِنۡ أَرَادُوٓاْ إِصۡلَٰحٗاۚ﴾--بقرة228

 نیز فرمایا :

﴿وَإِذَا طَلَّقۡتُمُ ٱلنِّسَآءَ فَبَلَغۡنَ أَجَلَهُنَّ فَلَا تَعۡضُلُوهُنَّ أَن يَنكِحۡنَ أَزۡوَٰجَهُنَّ إِذَا تَرَٰضَوۡاْ بَيۡنَهُم بِٱلۡمَعۡرُوفِۗ﴾--بقرة232

    ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

احکام و مسائل

طلاق کے مسائل ج1ص 331

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ