السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
ایک عورت جب پاک ہوتی ہے تو اس کا سفید مادہ نہیں نکلتا بلکہ زردمادہ مسلسل نکلتا رہتا ہے اس کا کیا حکم ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جب عورت سفید مادہ نہ دیکھے جو کہ اس کے طہر کی علامت ہے تو زرد پانی ہی اس کے قائم مقام بن جائے گا کیونکہ سفید پانی ایک علامت ہے اور علامت ایک مخصوص چیز میں محصورنہیں ہوتی۔ کیونکہ مدلول کسی ایک دلیل میں مختصر نہیں ہو تا ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ اس کے کئی دلائل ہوں۔ اکثر عورتوں میں اگرچہ سفید پانی کا نکلنا ہی طہر کی علامت ہے لیکن کبھی اس کے علاوہ بھی علامت ہو سکتی ہے اور کبھی تو عورت نہ زردی پاتی ہے اور نہ سفیدی بلکہ ان کی بجائے آئندہ حیض آنے تک خشکی قائم رہتی ہے لہٰذا ہر عورت کا اپنے مقتضائے حال کے مطابق حکم ہو گا۔(فضیلۃ الشیخ محمد بن صالح العثیمین رحمۃ اللہ علیہ )
ھذا ما عندی والله اعلم بالصواب