سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(1224) جنتی مردوں کو حوریں ملیں گی جنتی عورتوں کے لیے کیا ہو گا؟

  • 18831
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-26
  • مشاہدات : 842

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہوئے میں پاتی ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے مومن بندوں مردوں کے حورعین انتہائی حسن و جمال والی عورتوں کو خوش خبری دی ہے۔ تو کیا عورت کے لیے آخرت میں اس شوہر کے علاوہ کوئی دوسرا شوہر نہیں ہو گا؟ اور جنت کی اکثر نعمتوں کا حوالہ مومن مردوں کے لیے ہے، تو کیا مومن عورتوں کا حصہ مردوں کی نسبت کم ہو گا؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

آخرت کا ثواب مردوں اور عورتوں سب کے لیے برابر ہے، جیسے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:

﴿أَنّى لا أُضيعُ عَمَلَ عـٰمِلٍ مِنكُم مِن ذَكَرٍ أَو أُنثىٰ...﴿١٩٥﴾... سورة آل عمران

’’بلاشبہ میں تم میں سے کسی بھی عمل کرنے کا عمل ضائع نہیں کروں گا، خواہ وہ مرد ہو یا عورت۔‘‘

اور فرمایا:

﴿مَن عَمِلَ صـٰلِحًا مِن ذَكَرٍ أَو أُنثىٰ وَهُوَ مُؤمِنٌ فَلَنُحيِيَنَّهُ حَيو‌ٰةً طَيِّبَةً...﴿٩٧﴾... سورةالنحل

’’جس کسی نے بھی صالح عمل کیا، وہ مرد ہو یا عورت، اور مومن ہوا تو ہم اسے انتہائی پاکیزہ زندگی دیں گے۔‘‘

اور فرمایا:

﴿وَمَن يَعمَل مِنَ الصّـٰلِحـٰتِ مِن ذَكَرٍ أَو أُنثىٰ وَهُوَ مُؤمِنٌ فَأُولـٰئِكَ يَدخُلونَ الجَنَّةَ ...﴿١٢٤﴾...سورة النساء

’’اور جس نے بھی نیک عمل کیے، وہ مرد ہو یا عورت اور وہ مومن ہوا تو یہ سب جنت میں داخل ہوں گے۔‘‘

اسی طرح سورہ احزاب کی طویل آیت ہے:

﴿إِنَّ المُسلِمينَ وَالمُسلِمـٰتِ وَالمُؤمِنينَ وَالمُؤمِنـٰتِ وَالقـٰنِتينَ وَالقـٰنِتـٰتِ وَالصّـٰدِقينَ وَالصّـٰدِقـٰتِ وَالصّـٰبِرينَ وَالصّـٰبِر‌ٰتِ وَالخـٰشِعينَ وَالخـٰشِعـٰتِ وَالمُتَصَدِّقينَ وَالمُتَصَدِّقـٰتِ وَالصّـٰئِمينَ وَالصّـٰئِمـٰتِ وَالحـٰفِظينَ فُروجَهُم وَالحـٰفِظـٰتِ وَالذّ‌ٰكِرينَ اللَّهَ كَثيرًا وَالذّ‌ٰكِر‌ٰتِ أَعَدَّ اللَّهُ لَهُم مَغفِرَةً وَأَجرًا عَظيمًا ﴿٣٥﴾...سورة الاحزاب

’’بلاشبہ اسلام لانے والے مرد اور اسلام لانے والی عورتیں، ایمان دار مرد اور ایمان دار عورتیں ۔۔ اللہ تعالیٰ نے ان سب کے لیے بخشش اور بہت بڑا اجر تیار کر رکھا ہے۔‘‘

اور ان سب کے لیے داخلہ جنت کی خوشخبری ہے:

﴿هُم وَأَزو‌ٰجُهُم فى ظِلـٰلٍ ... ﴿٥٦﴾...سورة يس

’’وہ اور ان کی بیویاں سایوں میں ہوں گے۔‘‘

﴿ادخُلُوا الجَنَّةَ أَنتُم وَأَزو‌ٰجُكُم تُحبَرونَ ﴿٧٠﴾... سورةالزخرف

’’تم اور تمہاری بیویاں جنت میں داخل ہو جاؤ وہاں تمہااری خاطر داریاں ہوں گی۔‘‘

عورتوں کے متعلق بالخصوص فرمایا کہ انہیں ایک دوسرا روپ دیا جائے گا۔‘‘

﴿إِنّا أَنشَأنـٰهُنَّ إِنشاءً ﴿٣٥ فَجَعَلنـٰهُنَّ أَبكارًا ﴿٣٦﴾... سورة الواقعة

’’ہم انہیں بنائیں گے بنانا اور کر دیں گے کنواریاں۔‘‘

یعنی اللہ تعالیٰ ان میں سے بوڑھیوں کو دوشیزہ اور کنواریاں بنا دے گا جیسے کہ بوڑھے مرد جواب بنا دئیے جائیں گے۔ اور حدیث میں آیا ہے کہ دنیا کی عورتوں کو ان کی اطاعت اور عبادت کی بنا پر جنت کی حوروں پر فضیلت ہو گی۔

الغرض صاحب ایمان عورتیں جنت میں جائیں گی جیسے کہ مرد جائیں گے۔ اور اگر کسی عورت کے کئی مردوں سے نکاح ہو چکے ہوئے اور وہ سب جنت میں ہوئے، تو اسے ان میں سے کسی کو اختیار کر لینے کا موقعہ دیا جائے، اور پھر وہ اسے ہی چنے گی جو خلق میں سب سے بڑھ کر ہوا۔

    ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

احکام و مسائل، خواتین کا انسائیکلوپیڈیا

صفحہ نمبر 866

محدث فتویٰ

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ