السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
ایک عورت کو چالیس دن پورے ہونے سے پانچ دن پہلے ہی خون رک گیا، اور اس نے نماز روزہ شروع کر دیا، مگر چالیس دن پورے ہونے کے بعد خون پھر شروع ہو گیا ۔۔ تو ایسی صورت میں کیا حکم ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
اگر کوئی نفاس والی خاتون چالیس دن پورے ہونے سے پہلے ہی پاک ہو جاتی ہے تو اس پر واجب ہے کہ نماز پڑھے، رمضان ہو تو روزے بھی رکھے۔ اور یہ اپنے شوہر کے لیے بھی حلال ہو گی خواہ چالیس دن پورے نہ بھی ہوئے ہوں۔ اور سوال میں جس عورت کا پوچھا گیا ہے کہ یہ پینتیس دنوں کے بعد پاک ہو گئی ہے تو اسے بھی نماز روزہ لازما ادا کرنا ہے۔ کیونکہ اس کے یہ روزے اور نمازیں بالکل برمحل اور صحیح ہیں۔ اور پھر چالیس دن پورے ہونے کے بعد جو خون جاری ہوا ہے یہ حیض ہے، الا یہ کہ بہت زیادہ دن جاری رہے، تو اسے اپنی سابقہ عادت کے مطابق توقف کرنا ہو گا، پھر اس کے بعد غسل کر کے نماز شروع کر دینی چاہئے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب