السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
بعض دو خطبوں کے درمیان ہاتھ اٹھا کر دعا مانگتے ہیں میں نے مشکوٰۃ شریف میں پڑھا کہ حضور اس مقام میں صرف انگلی سے اشارہ کرتے تھے ۔ کیا ہاتھ اٹھا کر دعا مانگ سکتے ہیں ؟ یا کوئی زبانی دعا بغیر ہاتھ اٹھائے مانگ سکتے ہیں؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جمعہ کے دو خطبوں کے درمیان بیٹھنا تو رسول اللہﷺ سے ثابت ہے۔ (مسلم۔الجمعۃ۔باب تخفیف الصلاۃ والخطبة) البتہ اس جلوس بین الخطبتین میں خطیب یا سامعین کا ہاتھ اٹھا کر یا ہاتھ اٹھائے بغیر دعا کرنا کسی آیت یا حدیث میں نہیں آیا انگلی سے اشارہ بوقت خطاب ہے۔(مسلم۔الجمعۃ۔باب تخفیف الصلاۃ والخطبۃ۔ابوداؤد۔الجمعۃ باب رفع الیدین علی المنبر) بوقت جلوس بین الخطبتین نہیں۔ خطبہ کے دوران زبانی دعا رسول اللہﷺ سے ثابت ہے دعائے بارش کی بعض سامعین کی طرف سے درخواست پر دوران خطبہ ہاتھ اٹھا کر دعا کرنا بھی آپﷺ سے ثابت ہے دیکھیں بخاری ومسلم کتاب الجمعۃ کتاب الاستسقاء۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب