سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(509)نظریہ ڈارون اور قرآن

  • 17109
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 1225

سوال

(509)نظریہ ڈارون اور قرآن

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

بعض لوگ کہتے ہیں کہ بہت عرصہ پہلے انسان بندر تھا‘ پھر ترقی کرکے موجودہ صورت تک پہنچ گیا۔ کیا اس کی کوئی دلیل ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

یہ بات صحیح نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں آدم علیہ السلام کی تخلیق کے جو مراحل ذکر کئے ہیں۔ وہ مندرجہ ذیل ہیں۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے:

﴿إِنَّ مَثَلَ عِيسَىٰ عِندَ اللَّـهِ كَمَثَلِ آدَمَ ۖ خَلَقَهُ مِن تُرَابٍ... ٥٩﴾...آل عمران

’’اللہ کے ہاں عیسیٰ کی مثال آدم کی سی ہے۔ اسے اللہ نے خاک سے پیدا کیا۔‘‘

پھر یہ مٹی بھگوئی گئی حتی کہ وہ ہاتھوں سے چپکنے والے گارے کی صورت اختیار کر گئی۔ ارشاد ربانی ہے:

﴿وَلَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ مِن سُلَالَةٍ مِّن طِينٍ ﴿١٢﴾...المؤمنون

’’ہم نے انسان کو گارے کے خلاصے سے پیدا کیا۔‘‘

اور ارشاد ہے:

﴿إِنَّا خَلَقْنَاهُم مِّن طِينٍ لَّازِبٍ ﴿١١﴾...الصافات

’’ہم نے انہیں چپکتے گارے سے پیدا کیا۔‘‘

پھر وہ سڑی ہوئی کیچڑ بن گیا۔ ارشاد ہے:

﴿وَلَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ مِن صَلْصَالٍ مِّنْ حَمَإٍ مَّسْنُونٍ ﴿٢٦﴾...الحجر

’’ہم نے انسان کوگلی سڑی کیچڑ سے (بنی ہوئی) کھنکتی مٹی سے پیدا کیا۔‘‘

یہ گارا جب خشک ہوجائے تو مٹی کے برتن کی طرح کھنکنے لگا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

﴿خَلَقَ الْإِنسَانَ مِن صَلْصَالٍ كَالْفَخَّارِ ﴿١٤﴾...الرحمن

’’اس نے انسان کو ٹھیکری کی طرح بجتی مٹی سے پیدا کیا۔‘‘

اللہ نے اپنی مشیت اور ارادے کے مطابق اس کی صورت بنا کر اس میں جان ڈا ل دی۔ ارشاد ربانی ہے:

﴿وَإِذْ قَالَ رَبُّكَ لِلْمَلَائِكَةِ إِنِّي خَالِقٌ بَشَرًا مِّن صَلْصَالٍ مِّنْ حَمَإٍ مَّسْنُونٍ ﴿٢٨﴾ فَإِذَا سَوَّيْتُهُ وَنَفَخْتُ فِيهِ مِن رُّوحِي فَقَعُوا لَهُ سَاجِدِينَ ﴿٢٩﴾...الحجر

’’اور جب تیرے رب نے فرشتوں سے کہا: ’’میں گلے سڑے کیچڑ سے (بنی ہوئی) بجتی مٹی سے ایک انسان پیدا کرنے والا ہوں۔ تو جب میں اسے ٹھیک ٹھاک کردوں اور اس میں اپنی روح پھونک دوں تو تم اس کے لئے سجدے میں گرجانا۔‘‘

یہ ہیں وہ مراحل جو ازروئے قرآن تخلیق آدم پر گزرے۔ اولاد آدم علیہ السلام کی تخلیق کے مراحل اس آیت مبارکہ میں ذکر کئے گئے ہیں:

﴿وَلَقَدْ خَلَقْنَا الْإِنسَانَ مِن سُلَالَةٍ مِّن طِينٍ ﴿١٢﴾ ثُمَّ جَعَلْنَاهُ نُطْفَةً فِي قَرَارٍ مَّكِينٍ ﴿١٣﴾ ثُمَّ خَلَقْنَا النُّطْفَةَ عَلَقَةً فَخَلَقْنَا الْعَلَقَةَ مُضْغَةً فَخَلَقْنَا الْمُضْغَةَ عِظَامًا فَكَسَوْنَا الْعِظَامَ لَحْمًا ثُمَّ أَنشَأْنَاهُ خَلْقًا آخَرَ ۚ فَتَبَارَكَ اللَّـهُ أَحْسَنُ الْخَالِقِينَ ﴿١٤﴾...المؤمنون

’’ہم نے انسان کو گارے کے خلاصے سے پیدا کیا‘ پھر ہم نے اسے ایک مضبوط جگہ میں (رکھا ہوا) ایک قطرہ بنا دیا۔ پھر ہم نے قطرے کو لوتھڑا بنایا‘ پھر لوتھڑے کو بوٹی بنایا‘ پھر بوٹی کو ہڈیاں بنایا‘ پھر ہڈیوں کو گوشت پہنایا‘ پھر ہم نے اسے ترقی دے کر ایک اور مخلوق بنادیا‘ برکتوں والا ہے اللہ جو سب سے بہترین تحلیق کار ہے۔‘‘

آدم علیہ السلام کی اہلیہ حوالؐ کے متعلق اللہ نے بیان فرمایا ہے کہ انہیں آدم علیہ السلام سے پیدا کیا گیا ہے۔ ارشاد ربانی تعالیٰ ہے:

﴿يَا أَيُّهَا النَّاسُ اتَّقُوا رَبَّكُمُ الَّذِي خَلَقَكُم مِّن نَّفْسٍ وَاحِدَةٍ وَخَلَقَ مِنْهَا زَوْجَهَا وَبَثَّ مِنْهُمَا رِجَالًا كَثِيرًا وَنِسَاءً...١﴾...النساء

’’اے لوگو! اپنے اس رب سے ڈرو جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا کیا اور اس سے اس کی بیوی کو پیدا کیا اور ان دونوں سے بہت سے مرد اور عورتیں (زمین میں) پھیلادئیے۔‘‘

ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب

فتاویٰ دارالسلام

ج 1

محدث فتویٰ

 

تبصرے