السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
عقیدہ کو سمجھنے کے لئے کون سی کتابیں مفید ہیں؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
عقیدہ وغیرہ کو سمجھنے کے لئے لوگو ںکی سجھ بوجھ اور تعلیمی استعداد کے مطابق کتابیں مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔ ہر شخص کو اپنے آس پاس کے ان علماء سے مشورہ لینا چاہئے جو اس کی حالت‘ فہم وفراست اور قوت ادراک اور تحصیل علم کی استعداد سے واقف ہوں۔
اس سلسلے میں مختصر جواب کے طور پر مندرجہ ذیل مفید کتابوں کا نام لیا جاسکتاہے۔ عقیدہ واسطیہ اور اس کی شروح‘ شرح عقیدہ طحاویہ‘ کتاب التوحید تصنیف شیخ محمد بن عبدالوہاب‘ اس کی شرح تیسیرالعزیز الحمید۔ کشف الشبہات اور اصول ثلاثہ۔ یہ دونوں شیخ محمد ابن عبدالوہاب کی تصانیف ہیں۔ تدمریہ اور حمویہ از شیخ الاسلام ابن تیمیہ اور ابن خزیمہ کی کتاب التوحید۔ قصیدہ نونیہ اور اس کی شرح۔
واضح رہے کہ سب سے عظیم اور شرف والی کتاب ’’قرآن مجید‘‘ ہے۔ جس میں اللہ تعالیٰ نے صحیح عقیدہ وضاحت سے بیان فرمایاہے اور اس عقیدہ کے مخالفین کی غلطی کو واضح فرمایا ہے۔ اس لئے ہم آپ کو نصیحت کرتے ہیں کہ قرآن مجید کی تلاوت کثرت سے کریں اور اس کے معانی ومطالب پر غور کریں۔ اس میں ہدایت بھی ہے اور نور بھی۔ اس میں ہر نیکی ترغیب ہے اور ہر برائی سے تنبیہ۔ جیسا کہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:
﴿إِنَّ هَـٰذَا الْقُرْآنَ يَهْدِي لِلَّتِي هِيَ أَقْوَمُ ...٩﴾...الإسراء
’’بلاشبہ یہ قرآن وہ سیدھا راستہ دکھاتا ہے جو سب سے سیدھا ہے۔‘‘
ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب