السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
موجودہ دور میں کئی جماعتیں اور پھر آگے ان کی شاخیں موجود ہیں۔ ان میں سے ہر ایک کا دعویٰ ہے کہ وہ ’’فرقہ ناجیہ‘‘ میں شامل ہے۔ ہمیں معلوم نہیں ان میں سے کون حق پر ہے کہ اس کی اتباع کریں‘ جناب سے امید ہے کہ آپ ہمیں بتائیں گے ان میں سے بہتر اور زیادہ اچھی جماعت کون سی ہے تاکہ ہم حق کی پیروی کرسکیں‘ اس کے ساتھ دلائل بھی بیان فرمادیجئے۔
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
یہ سب جماعتیں ’’فرقہ ناجیہ‘‘ میں شامل ہیں۔ سوائے ان کے جو کسی ایسے کفریہ عقیدہ یا عمل کے مرتکب ہوں جو دائرہ اسلام سے خارج کردیتا ہے‘ لیکن ان کے درجات مختلف ہیں‘ جس طرح حق کو سمجھنے‘ اس پر عمل کرنے میں اور دلائل کے سمجھنے میں غلطی کرنے اور عملی کوتاہیوں میں وہ مختلف درجات پر ہیں۔ ان میں سے زیادہ ہدایت یافتہ وہ ہے جس نے دلیل کو زیادہ بہتر طور پر سمجھا اور بہتر طور پر اس کے مطابق عمل کیا۔ لہٰـذا ان کے نقطہ ہائے نظر کوسمجھیں اور ا س کا ساتھ دیں جو حق کا زیادہ متبع اور زیادہ اختیار کرنے والا ہے اوردوسرے مسلمان بھائیوں پر زیادتی نہ کریں کہ ان کا مسئلہ صحیح ہو اس کو بھی رد کردیں۔ بلکہ حق کی پیروی کریں وہ جہاں بھی ہو‘ اگرچہ سچی بات اس شخص کی زبان سے ظاہر ہو جو بعض مسائل میں آپ سے اختلاف رکھتاہے۔ حق مومن کا رہنما ہوتا ہے اور حق وباطل میں فیصلہ کرنے والی چیز قرآن وسنت کی دلیل ہی ہے۔
ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب