سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(390)دعوت اور تبلیغ کا بہترین طریقہ

  • 16990
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-26
  • مشاہدات : 3250

سوال

(390)دعوت اور تبلیغ کا بہترین طریقہ

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

دونوں میں سے کون سا کام بہتر ہے۔ سیاست کے ذریعے اسلام کے لئے کام کرنا‘ یا لوگوں کو بنوی طریقہ کی طرف واپس آنے کی دعوت دینے کے ذریعے اسلام کیلئے کام کرنا؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

اسلام کیلئے لوگو ں کو کتاب وسنت کی طرف فجوع کرنے کی دعوت کے ذریعے کام کرنا ضروری ہے اور یہ کام اس نہج پر کیا جائے۔ جس کی طرف اللہ تعالیٰ نے رہنمائی فرمائی ہے اور جس کا حکم اپنے رسول محمدﷺ کو یہ کہہ کر دیا ہے:

﴿ادْعُ إِلَىٰ سَبِيلِ رَبِّكَ بِالْحِكْمَةِ وَالْمَوْعِظَةِ الْحَسَنَةِ ۖ وَجَادِلْهُم بِالَّتِي هِيَ أَحْسَنُ...١٢٥﴾...النحل

’’اپنے رب کے راستے کی طرف حکمت کے ساتھ اور اچھی نصیحت کے ساتھ دعوت دیجئے اور ان سے اس طریقے سے بحث کیجئے جو بہتر ہے۔‘‘

نیز ارشاد فرمایا:

﴿قُلْ هَـٰذِهِ سَبِيلِي أَدْعُو إِلَى اللَّـهِ ۚ عَلَىٰ بَصِيرَةٍ أَنَا وَمَنِ اتَّبَعَنِي ۖ وَسُبْحَانَ اللَّـهِ وَمَا أَنَا مِنَ الْمُشْرِكِينَ ﴿١٠٨﴾...يوسف

’’(اے پیغمبر!) کہہ دیجئے یہ میرا راستہ ہے‘ میں اللہ کی طرف بصیرت کے ساتھ دعوت دیتا ہوں‘ میں بھی اور میری پیروی کرنے والے بھی اور اللہ پاک ہے اور میں مشرک نہیں ہوں۔‘‘

جناب رسول اللہ ﷺ نے دعوت الی اللہ کا طریقہ زبانی ارشادات کے ذریعے بھی واضح فرمایا ہے‘ عملی طور پر بھی اور تحریری طورپر بھی۔ آپﷺنے فرمایا:

(مَنْ رَأَی مِنْکُمْ مُّنْکِرًا فَلْیُغَیِّرُه بِیَدِه، فَأِنْ لَّمْ یَسْتَطِعْ فَبِلّسَانِه، فَأِنْ لَّمْ یَسْتَطِع فَبِقَلْبِه، وَذَالِکَ أَضْعَفُ الْاِیْمَانِ)

’’تم میں سے جو شخص کوئی برائے دیکھے تو اسے ہاتھ سے (ختم کرکے صورت حال) تبدیل کردے‘ اگر (قوت بازو سے روکنے کی) طاقت نہ ہوتو زبان سے (منع کرے‘ سمجھا کر تبدیلی پیدا کرے)‘ اگر (اس کی بھی) طاقت نہ ہو تو دل سے (تبدیلی کی خواہش اور عزم رکھے) اور یہ سب سے کمزور ایمان ہے۔‘‘

اس حدیث کو امام احمد‘ امام مسلم اور سنن اربعہ کے مؤلفین نے روایت کیا ہے اور جب نبی ا کرمﷺ نے حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کو یمن بھیجا تو فرمایا:

(إنَّکَ تَأْتِی قَوْمًا مِّنْ أَھْلِ الْکِتَابِ فَلْیَکُنْ أَوَّلَ مَا تَدْعُوھُمْ أِلَیْہِ شَھَادَۃُ أَنَّ لاَّ اِلٰه إلاَّ الله وَأَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُولُ الله فَإنْ ھُمْ أَطَاعُوکَ لِذَالِکَ فأَعْلِمْھُمْ أَنَّ الله افْتَرَضَ عَلَیْھِمْ خَمْسَ صَلَوَاتِ فِی الْیَوْمِ وَاللَّیَلَة فَإنْ ھُمْ أَطَاعُوکَ لِذَالِکَ فَأَعْلِمْھُمْ أَنَّ الله قَدِ افْتَرَضَ عَلَیْھِمْ صَدَقَة تُؤَْخَذُ مِنْ أَغْنِیَائِھِمْ فَتُرَدُّ عَلَی فُقَرَائِھِمْ، فَإنْ ھُمْ أَطَاعُوکَ لِذَالِکَ فَإیَّاکَ وَکَرَائِمَ أَمْوَالِھِمْ، وَاتَّقِ دَعْوَة الْمَظْلُومِ فَإنَّه لَیْسَ بَیْنَھَا وَبَیْنَ الله حِجَابٌ)

’’تم اہل کتاب کی ایک قوم کے پاس جارہے ہو۔ انہیں سب سے پہلے جس چیز کی دعوت دو‘ وہ لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی گواہی ہونی چاہئے۔ اگر وہ تمہاری یہ بات مان لیں تو انہیں بتانا کہ اللہ تعالیٰ نے ان پر دن رات میں پانچ نمازیں فرض کی ہیں‘ (یہ زکوۃ) ان کے دولت مندوں سے وصول کی جائے گی اور واپس ان کے غریبوں کو دے دی جائے گی۔ اگر اس بات میں بھی وہ تمہاری اطاعت کریں تو ان کے عمدہ مال لینے سے پرہیز کرنا اور مظلوم کی بددعا سے بچنا، کیونکہ اس کے اور اس کے درمیان کوئی حجاب حائل نہیں ہوتا۔‘1

(1 صحیح بخاري حدیث نمبر: ۱۴۵۸‘ ۱۴۹۶‘ صحیح مسلم حدیث نمبر: ۱۹‘ سنن ابي داؤد حدیث نمبر: ۱۵۸۴‘ جامع ترمذي حدیث نمبر: ۶۲۵۔ سنن نسائي ۵؍۵۵ مسند احمد ۱؍۲۳۳)

اس حدیث کو امام احمد‘ امام بخاری‘ امام مسلم اور سنن اربعہ والوں نے روایت کیا ہے۔

حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے ایک حدیث مروی ہے کہ نبیﷺ نے جب غزوہ خیبر کے دن حضرت علی رضی اللہ عنہ کو جھنڈا عنایت کیا تو ان سے فرمایا:

(انْفُذْ عَلَی رِسْلِکَ حَتَّی تَنْزِلَ بِسَاحَتِھِمْ ثُمَّّ ادْعُھُمْ إلَی الإسْلاَمِ وَأَخْبِرْھُمْ بِمَا یَجِبُ عَلَیْھِمْ مِنْ حَقَّ الله تَعَالَی فِیه، فَوَالله لَأَنْ یُھْدٰی بِکَ رَجُلٌ وَاحِدٌ خَیْرٌ لَکَ مِنْ حُمْرِ النَّعَمِ)

’’آرام سے چلتے جاؤ حتیٰ کہ ان کے علاقے میں پہنچ جاؤ‘ پھر انہیں اسلام کی دعوت دینا اور بتانا کہ اسلام میں ان پر اللہ کے ان سے حقوق کی ادائیگی واجب ہے‘ قسم ہے اللہ کی! اگر اللہ تعالیٰ تیری وجہ سے ایک آدمی کو بھی ہدایت عطا فرمادے تو تیرے لئے سرخ اونٹوں سے بہتر ہے۔‘‘(مسند احمد ج:۵‘ ص:۳۳۳۔ صحیح بخاری حدیث نمبر: ۲۹۴۲‘ ۳۰۰۹‘ ۳۷۰۱‘ ۴۲۱۰‘ صحیح مسلم حدیث نمبر: ۲۴۰۶۔)

جناب رسول اللہﷺ نے مختلف قوموں کے بادشاہوں کو خطوط ارسال فرمائے جن میں انہیں اسلام لانے کی دعوت دی اور انہیں صرف ایک اللہ کی عبادت کا حکم دیا۔

اہل کتاب کو حضورﷺ نے جو خطوط تحریر فرمائے ان میں یہ آیت بھی لکھی:

﴿يَا أَهْلَ الْكِتَابِ تَعَالَوْا إِلَىٰ كَلِمَةٍ سَوَاءٍ بَيْنَنَا وَبَيْنَكُمْ أَلَّا نَعْبُدَ إِلَّا اللَّـهَ وَلَا نُشْرِكَ بِهِ شَيْئًا وَلَا يَتَّخِذَ بَعْضُنَا بَعْضًا أَرْبَابًا مِّن دُونِ الله...٦٤﴾...آل عمران

’’اے اہل کتاب اس بات کی طرف آجاؤ جو ہمارے اور تمہارے درمیان برابر (واجب التعمیل) ہے کہ ہم اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کریں‘ اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہ کریں اور اللہ کو چھوڑ کر ایک دوسرے کو رب نہ بنالیں۔‘‘

اور انہیں یہ وعدہ دیا کہ اگر وہ ایمان لائیں گے تو دگنا اجروثواب پائیں گے اور انہیں تبنیہ فرمائی کہ اگر وہ اعراض کریں گے تو اپنے گناہ کی سزا بھی پائیں گے اور اپنی قوموں کے گناہوں کے بھی۔(جناب رسول اللہﷺ نے مختلف قوموں کے حکمرانوں کو خط تحریر فرمائے تھے۔ مثال کے طور پر دیکھئے‘ صحیح بخاري حدیث نمبر: ۲۹۳۹‘ ۲۴۲۴‘ ۲۹۴۰ اور صحیح  مسلم حدیث نمبر: ۱۷۷۴۔)

اس کے علاوہ نبی ﷺ نے اپنے عمل سے اسلام کی دعوت دی۔ چنانچہ رسول اللہﷺ اللہ تعالیٰ کی عملی توحید اور عبادت میں درجہ کمال کی ایک عظیم مثال تھے‘ اسی طرح آپﷺ اپنی ذات کے لئے ناراض ہوتے تھے نہ اپنی ذات کیلئے کسی سے انتقام لیتے تھے‘ لیکن جب اللہ کی حدود کوپامال کیا جاتا تو پھر آپﷺ غضبناک ہوجاتے تھے نیز رسول اللہﷺ قرآن مجید کے بیان کے مطابق مومنوں کے ساتھ انتہائی شفقت ورحمت کا برتاؤ کرتے تھے‘ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:

﴿وَإِنَّكَ لَعَلَىٰ خُلُقٍ عَظِيمٍ ﴿٤﴾...القلم

’’آپ عظیم (عمدہ ترین) اخلاق پر کاربند ہیں‘‘

اس طرح آپﷺ نے زبانی‘ تحریری اور عملی طور پر دعوت وتبلیغ کا ایک طریق کار پیش کردیا ہے تو یہ محمدی دعوت کی سراپا حکمت ورحمت والی پالیسی ہے جو رسول اللہﷺ نے ہمارے لئے وضع فرمائی ہے۔ لہٰذا اسلامی جماعتوں کے مبلغین کا فرض ہے کہ وہ حکمت‘ موعظئہ حسنہ اور جدال احسن پر مبنی اصولوں کو پیش نظر رکھیں اور ہر کسی سے اس کی ذہنی سطح کے مطابق بات کریں۔ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے ذریعے دین کی مدد فرمائے گا اور ان کے تیروں کو ان کے بھائیوں کی طرف سے پھیر کر دشمنوں کی طرف کردے گا۔

ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب

فتاویٰ دارالسلام

ج 1

محدث فتویٰ

تبصرے