رفع یدین رکوع میں جاتے ہوئے اور رکوع سے سر اٹھا کر اور دوسری رکعت سے کھڑے ہو کر کرنا احادیث صحیحہ مرفوعہ غیر منسوخہ سے ثابت ہے یا نہیں اور اس کا کیا حکم ہے؟
رفع یدین تینوں حالتوں میں احادیث صحیحہ مرفوعہ سے ثابت ہے۔
’’ نافع، ابن عمر رضی اللہ عنہ کے واسطے سے روایت کرتے ہیں کہ ابن عمر رضی اللہ عنہ جب نماز شروع کرتے تو تکبیر کہتے اور اپنے دونوں ہاتھوں کو بلند کرتے، اور جب رکوع کرتے تب بھی اپنے دونوں ہاتھوں کو بلند کرتے، اور جب ’’ سمع اللہ لمن حمدہ‘‘ کہتے تب بھی اپنے دونوں ہاتھوں کو بلند کرتے، اور جب دونوں رکعتوں میں کھڑے ہوتے تو بھی اپنے دونوں ہاتھوں کو بلند کرتے، اور ابن عمر رضی اللہ عنہ نے اس عمل کو نبی ﷺ تک مرفوع قرار دیا ہے۔ اس کو بخاری نے روایت کیا ہے۔‘‘
اور سوائےحضرت ابن عمر کے روایت کیا حدیث رفع یدین کو حضرت عمر، علی، وائل بن حجر، ومالک بن الحویرث، وانس، وابوہریرہ، وابوحمید، وابو سعید، وسہل بن سعد، ومحمد بن مسلمہ، وابوقتادہ، وابو موسی اشعری، وجابر، وعمیر اللیثی رضی اللہ عنہم نے۔ اور اکثر صحابہ و تابعین و محدثین کا اسی پر عمل ہے، جیسا کہ جامع ترمذی میں مذکور ہے۔ ( سنن الترمذي ۲؍ ۳۶)
اور اس کا نسخ کسی حدیث صحیح مرفوع سے ثابت نہیں ہے۔
پس جبکہ حضرت ﷺ سے اس کا ثبوت پایا گیا اور اصحابِ حضرت ﷺ بھی اس کو عمل میں لائے تو بے شک اس صورت میں اس پر عمل کرنے والا ماجور اور مصیب ہوگا۔
شیخ ولی اللہ دہلوی ’’ حجۃ اللہ البالغۃ‘‘ میں فرماتے ہیں:
’’ والذى یرفع أحب إلى ممن لا یرفع ‘‘ انتھی (حجة اللہ البالغة ص : ۲۵۲) ’’ جو شخص رفع یدین کرتا ہے وہ میرے نزدیک اس شخص سے زیادہ پسندیدہ ہے جو رفع یدین نہیں کرتا۔ ختم شد۔‘‘