سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(51)فاسد العقیدہ امام کے پیچھے نماز کا حکم

  • 14836
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-27
  • مشاہدات : 1949

سوال

(51)فاسد العقیدہ امام کے پیچھے نماز کا حکم
السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

فاسدعقیدہ رکھنے والے اورخلاف سنت نماز پڑھنے والے کے پیچھے یا زانی فاسق امام کے پیچھے نماز درست ہے یا نہیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

 فاسدعقیدہ رکھنے والےمرادغالباایساآدمی ہےجوان باتوں پر صحیح اعتقادنہیں رکھتاجن پر ایمان کا مدارہے،اگریہی سائل کی مرادہےتوایسےآدمی کے پیچھے قطعانمازنہیں ہوتی کیونکہ جس کا عقیدہ صحیح نہیں ہے وہ اسلام کے دائرہ سے خارج  ہے،کیونکہ قرآن حکیم فرماتا ہےکہ:

﴿وَمَن يَعْمَلْ مِنَ ٱلصَّـٰلِحَـٰتِ مِن ذَكَرٍ‌ أَوْ أُنثَىٰ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَأُو۟لَـٰٓئِكَ يَدْخُلُونَ ٱلْجَنَّةَ وَلَا يُظْلَمُونَ نَقِيرً‌ۭا ﴿١٢٤﴾ (النساء:١٢٤)

اس آیت سے صراحتا معلوم ہوتا ہے کہ اعمال کی مقبولیت مشروط ہے ایمان صحیح کےموجودہونے سےیعنی اللہ تعالی فرماتا ہے کہ جس نے بھی نیک اعمال کئے مردہوخواہ عورت بشرطیکہ وہ مومن ہوتووہ جنت میں داخل کیا جائے گا۔اوراس سے ذرہ برابرظلم نہ ہوگا۔اب اگر ایمان ہی صحیح نہیں ہے تواس کے اعمال صالحہ کب مقبول ہوں گے؟

اورنماز یقینا اعمال صالحہ میں سے ہے لہذا جس کا ایمان صحیح نہیں ہے اس کی نماز بھی مقبول نہ ہوگی۔جب اس کی نماز مقبول نہ ہوئی تواس کے پیچھے اقتداکرنا سراسرفضول ہوگاباقی رہافاسق  وفاجراورخلاف سنت نماز پڑھنے والاسوان کے متعلق بھی احادیث صحیحہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کو امام نہیں بنانا چاہئے۔علاوہ ازیں جو خلاف سنت نماز پڑھتا ہے وہ بدعتی ہےاوربدعتی کو امام بنانااس کی بدعت کو فروغ دینا ہے اوربدعتی کا احترام(بلاکسی مجبوری کے)بھی گناہ ہے ذیل کی احادیث ملاحظہ کی جائیں۔

امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ اپنی جامع میں حضرت ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ:

((قال رسول الله صلى الله عليه وسلم ثلاثه لاتجاوزصلواتهم آذانهم العبدالابق حتى يرجع وامراةباتت وزوجهاعليهاساخط وامام قوم وهم له كارهون))قال ابوعيسى هذاحديث حسن. الترمذى’كتاب الصلوة’باب ماجاء فى من ام قوما وهم له كارهون’رقم الحديث: ۰ ٣٦.

‘‘یعنی جناب حضرت رسول اللہﷺفرماتے ہیں تین آدمی ہیں ان کی نماز ان کے کانوں سے اوپر نہیں جاتی (یعنی اللہ تعالی کی بارگاہ میں قبولیت کاشرف حاصل  نہیں کرتی)(1):ایک بھاگاہواغلام حتی کہ اپنے مالک کی طرف لوٹ آئے۔

(٢):وہ عورت جورات گزارے اس حال میں کہ اس کا شوہراس پر ناراض ہو۔

 (٣):وہ امام جس کی اقتداکوقوم ناپسند کرتی ہو۔’’

امام ترمذی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ یہ حدیث حسن ہے۔

اسی طرح ابن ماجہ  میں بھی حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے لیکن اس میں مذکورہ آدمیوں کے ساتھ تیسرے آدمی کے لیے‘‘وآخران يتصارمان’’کے الفاظ آئے ہیں یعنی تیسرے وہ دوآدمی جنہوں نے محض دنیاوی معاملات کی وجہ سے ایک دوسرے سے قطع تعلقی کی ہے ۔(حافط عراقی فرماتے ہیں کہ اس کی سند حسن ہے)

ان احادیث سے معلوم ہواکہ جوامام اس حالت میں نماز پرھاتا ہے کہ مقتدی اس سے ناراض ہیں تو اس کی نمازمقبول نہیں ہوتی اورظاہر ہے کہ جو فاسق وفاجرہویا فاسد عقیدہ کاحامل ہو یا سنت کے خلا ف نماز پڑھتا ہو اس کے پیچھے مقتدی برضاورغبت قطعانمازنہیں پرھ سکتے الایہ کہ مقتدی بھی ان ہی جیسے فاسق ومبتدع ہوں۔

اب چونکہ ایسے آدمی کی اقتداکرتے ضرورہوں گے لیکن دل میں وہ ان سے ضرورناراض ہوں گے اوراس کو سخت ناپسند کرتے ہوں گے اس لیے اس کی نماز قبولیت کا شرف حاصل نہیں کرے گی۔جب خود امام کی نماز ہی مقبول نہیں تو اس کے پیچھے نماز پڑھ کرکیا فائدہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

لہذا ایسے امام کے پیچھے ہرگز نماز نہیں پڑھنی چاہئے۔علاوہ ازیں امام حاکم حضرت مرثدغنوی رضی اللہ عنہ کے ترجمہ میں حضرت رسول اللہﷺسےروایت کرتے ہیں کہ:

((ان سركم ان تقبل صلاتكم فليئومكم خياركم فانهم وفدكم فيمابينكم وبين ربكم عزوجل.))  المستدرک للحاکم’جلد٣’صفحه٢٢٢.

‘‘نبی کریمﷺفرماتے ہیں کہ اگرتم کو یہ بات خوش لگتی ہے یا اگر تم پسند کرتے ہوکہ تمہاری نمازمقبول ہوتوتمہاری امامت بھی وہ لوگ کرائیں جو تم میں سے اچھے ہوں۔’’

اس حدیث نے توواضح کردیا کہ امام اس کو بنانا چاہئےجواچھاہوورنہ پھرمقتدیوں کی بھی نماز قبول نہ ہوگی اوراس کی وجہ سے پہلے عرض کرچکا ہوں کہ ایسے مبتدع وفاسق کو امام بنانااس کی بدعت کو فروغ دینا ہےاوراس سے فسق وفجورکا احترام ظاہر ہوتا ہے اوریہ چیزانتہائی بری ہے لہذا چونکہ مقتدیوں نے بھی ایسے امام کا احترام کیا ہے اوراس کی بدعت کےفروغ میں ممدومعاون ہوئے ہیں لہذا ان کی نماز بھی مقبولیت کے شر ف سے محروم ہوجائےگی۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب

فتاویٰ راشدیہ

صفحہ نمبر 292

محدث فتویٰ

تبصرے