اس شخص کے بارے میں شرعی حکم کیا ہے جو شیخ عبدالقادر جیلانی کی مدح کے اشعار پڑھنے کے لئے ہمسایوں کو جمع کرتا ہے۔ کیونکہ اس طرح اولیاء کی محبت پیدا ہوتی ہے۔ وہ آنے والوں کی مہمانی کے لئے دستر خوان بچھاتا ہے تاکہ اس حدیث پر عمل ہوجائے۔
’’جو شخص اللہ پر اور قیامت پر ایمان رکھتا ہے وہ مہمان کی عزت کرے‘‘
کیا یہ کام حرام ہے‘ مکروہ ہے یا سنت؟اولیاء اللہ سے محبت اور مہمانوں کا اکرام شریعت کی خوبیوں میں شامل ہے‘ قرآن وسنت میں اس کی ترغیب آئی ہے۔ لیکن اولیاء اللہ کے مناقب اور اس قسم کی دوسری چیزوں کی قرأت کو محبت ا ولیاء کا ذریعہ بنانا دستر خوان لگانے کا رواج بنالینا‘ بدعت ہے۔ جس کا نتیجہ شیخ عبدالقادر اور دیگر اولیاء کے بارے میں غلو کی صورت میں نکلتا ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات ان سے طلب حاجات‘ فریاد اور ان کی جاہ کے وسیلہ سے دعا تک نوبت پہنچ جاتی ہے اور یہ سب کام شرعاًممنوع ہیں کیونکہ یہ کام تو خود شرک ہیں مثلاً ان سے فریاد کرنا‘ یا شرک کا ذریعہ ہیں مثلاً ان کے یا ان کے جاہ کے وسیلہ سے اللہ سے دعا مانگنا۔ کیونکہ اکثر اوقات ہم دیکھتے ہیں کہ جنہیں لوگ اولیاء اللہ کہتے ہیں‘ ان کے حالات زندگی میں ایسی جھوٹی اور بے بنیاد باتیں ہوتی ہیں جن سے ان کے متعلق غلو پیدا ہوجاتا ہے۔ بہتر یہ ہے کہ اپنے دوست احباب کو جمع کرکے قرآن مجید اور صحیح احادیث کا مطالعہ کیا جائے تاکہ شرعی احکام معلوم ہوں اور عبرت ونصیحت حاصل ہو۔