زید کی دو بیویاں ہیں ان دونوں میں سے ایک کی لڑکی پیدا ہوئی ہے لڑکی نے اپنی ماں کا دودھ پیا ہے اور بکر زید کا رشتہ دار ہے بکر نے زید کی دوسری بیوی کا دودھ پیا ہے ۔کیا زید کی لڑکی بکر کے نکاح میں آسکتی ہے ؟مہربانی کرکے ضرور بتائیں اور مفصل لکھیں بڑی نوازش ہوگی ۔(سائل: حافظ مجیب الرحمٰن متعلم مدرسہ دارالحدیث محمدیہ عبداللہ والا معرفت ڈاکٹر حشم رضا نیا بازار لودھراں ملتان)
صورت سوال کے مطابق بکر زید کا رضاعی بیٹا بن چکا ہے کیونکہ بکر نے زید کی دوسری بیوی کا دودھ پیا ہے اور دودھ کی ساخت میں میاں بیوی کا برابر کا حصہ ہے ،لہٰذا بکر زید کی دوسری بیوی کی بیٹی آپس میں رضاعی بہن بھائی ہیں اور جس طرح حقیقی بہن بھائی کی آپس میں نکاح حرام ہے اسی طرح رضاعی بہن بھائیوں کا بھی آپس میں نکاح حرام ہے ۔
چنانچہ ترمذی شریف میں ہے :
حضرت علی رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : اللہ نے دودھ کے وہ رشتے بھی حرام کر دیے ہیں جو ولایت کے رشتے حرام کئے ہیں :
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : بے شک اللہ تعالیٰ نے رضاعت کے بھی وہ رشتے حرام کر دئے ہیں جو ولادت کے رشتے حرام کئے ہیں ، صحابہ کرام اور تابعین میں اس مسئلہ میں کوئی اختلاف نہیں۔
”حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میرے رضاعی چچا افلح نے میرے گھر آنے کی اجازت مانگی ، میں نے کہا جب تک میں رسول اللہ ﷺ سے مشورہ نہ کرلوں اس وقت تک اجازت نہیں دے سکتی تو آپ نے فرمایا کہ ہاں وہ آسکتا ہے ۔میں نے عرض کیا کہ دودھ تو مجھے عورت نے پلایا ہے مرد نے نہیں پلایا تو آپ ﷺ نے فرمایا وہ تیرا رضاعی چچا ہے اسے آنا چاہیے ۔
”حضرت ابن عباس سے پوچھا گیا کہ ایک آدمی کی دو لونڈیاں ہیں ، ایک نے ایک بچی کو دودھ پلایا ہے اور دوسری نے دوسرے بچے کو دودھ پلایا ہے ۔
کیا اس بچی اور بچے کا آپس نکاح ہوسکتاہے تو حضرت ابن عباس نے فرمایا کہ نہیں کیونکہ سانڈ ایک ہے بہر حال ان احادیث کے مطابق بکر اور زید کی دوسری بیوی سے پیدا ہونے والی لڑکی کا آپس میں نکاح نہیں ہوسکتا کیونکہ وہ دونوں آپس میں رضاعی بھائی بہن ہیں ۔ماخذ:مستند کتب فتاویٰ