السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
لیوٹن سے مقبول کاظمی لکھتے ہیں
سجدہ ثانی ختم کرنے کے بعد دوسری یا چوتھی رکعت ادا کرنے سے قبل معمولی سی استراحت کرکے قیام میں کھڑے ہونے کا مسئلہ کیا ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
جلسہ استراحت حدیث سے ثابت ہے اس لئے اس سنت کا ادا کرنا جہاں باعث و اجروثواب ہے وہاں اس میں یہ حکمت بھی ہے کہ مقتدی امام کی پوری اقتداء کرتا ہے اور وہ جلدی سے سیدھا کھڑے ہو کر امام سے پہلے اٹھنے کی غلطی نہیں کرسکتا۔
اس سلسلے میں سب سے اہم دلیل حضرت مالک بن الحویرثؓ کی یہ حدیث ہے کہ انہوں نے نبی کریمﷺ کو نماز پڑھتے دیکھا کہ آپ اکیلی رکعت میں جب اٹھتے تو پہلے تھوڑی دیر کے لئے بیٹھتے پھر کھڑے ہوتے ۔ اس کا نام جلسہ استراحت ہے اور اس کا طریقہ یہ ہے کہ پہلی اور تیسری رکعت میں دونوں سجدے کرنے کے بعد سیدھا کھڑے ہونے سے پہلے تھوڑی دیر کے لئے بیٹھ جائیں جیسا کہ دو سجدوں کے درمیان بیٹھا جاتا ہے اس کے بعد دوسری یا چوتھی رکعت کےلئے کھڑے ہوجائیں اس مختصر سے بیٹھنے کی جلسہ استراحت کہتے ہیں اور اس میں کچھ پڑھنا حدیث سے ثابت نہیں ہے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب