میں احمد خان پھلا ڈیوں صوبہ سندھ سے لکھ رہا ہوں ۔ایک مسئلہ ہے کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ اہلحدیث حضرات جب قل ختم چہلم وغیرہ کو نہیں مانتے تو قبرستان جاکر کیا کرتے ہیں ؟ مطلب ہے کہ رسول اللہﷺ کا قبرستان جاکر کیا معمول تھا؟ قرآن پڑھنا بھی قبرستان پر منع ہے؟ لوگ کہتے ہیں کہ آپ مردہ کو قرآن پڑھ کر بخشنے کے خلاف ہیں ؟
اس مسئلہ پر ایک سیر حاصل بحث بحوالہ کتاب وسنت لکھ کر درج ذیل پتہ پر بھیج دیں ۔
قبرستان جانے کے کئی مقاصد ہیں:
1) نبی کریم ﷺ کی سنت ہے ۔آپ ﷺ قبرستان جاکر مردوں کے لیے دعائیں کرتے تھے ۔ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا :
حتی کہ آپ ﷺ بقیع ( مدینہ کے قبرستان ) پہنچ کر کھڑے ہوگئے ،آپ (کافی) لمبی دیر کھڑے رہے ۔ پھر آپ نے تین دفعہ ( دعا کے لیے ) ہاتھ اٹھائے ۔ پھر آپ ﷺ واپس لوٹے تو میں( بھی ) واپس لوٹی ۔۔۔
( صحیح مسلم ، کتاب الجنائز باب مایقال عندو خول القبور والدعاء ح 103/974 وترقیم دارلاسلام :2256)
پھر آپ ﷺ نے اپنی زوجہ طیبہ عائشہ رضی اللہ عنہ کو بتایا کہ جبرئیل (علیہ السلام ) نے آکر مجھے کہا : آپ کا رب آپ کو حکم دیتا ہے کہ بقیع والوں (کی قبروں) کےپاس جاکر ان کے لیے (دعائے) استٖغفار کرو۔ (مسلم :974حوالہ مذکورہ )
عبداللہ بن ابی ملیکہ ( ثقہ فقیہ تابعی ) سے روایت ہے:
بے شک ایک دن ( سیدہ ) عائشہ رضی اللہ عنہا قبرستان سے آئیں تو میں نے ان سے پوچھا: اے ام المومنین ! آپ کہاں سے آئی ہیں ؟ انھوں نے فرمایا :اپنے بھائی عبدالرحمن بن ابی بکر (رضی اللہ عنہ) کی قبر سے ۔ میں نے انھیں کہا : کیا یا رسول اللہ ﷺ نے قبروں کی زیارت سے منع نہیں کیا تھا؟ انھوں نے فرمایا : جی ہاں آپ نے منع کیاتھا پھر زیارت ( کی رخصت ) کا حکم دے دیاتھا ۔
( المستدرک للحاکم 1/ 376ح 1392 والبیہقی 4/78 وسندہ صحیح وصححہ الذہبی والبوصیری وغیر ہما، دیکھئے احکام الجنائز للالبانی ص 181)
اس حدیث سے دو مسئلے ثابت ہوئے:
اول: قبروں کی زیارت سے منع والاحکم منسوخ ہے ۔
دوم : عورتوں کے لیے جائز ہے کہ وہ کبھی کبھار اپنے قریبی رشتہ داروں کی قبروں کی زیارت کرلیں ۔ صحیح بخاری (1283) کی ایک حدیث کا خلاصہ یہ ہے کہ نبیﷺ نے ایک عورت کو (اپنے بچے کی) قبر کے پاس روتے دیکھا تو صبر کی نصیحت کی ( مگر آپ نے اسے قبر پر آنے سے منع نہیں کیا ) دیکھئے فتح البار ی (ج 3ص 148)
تنبیہ: 1) عورتوں کا کثرت سے قبروں کی زیارت کرنا ممنوع ہے ۔
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے :
"ان رسول الله صلي الله عليه وسلم لعن زوارات القبور " بے شک رسول اللہﷺ نے قبروں کی بہت زیادہ زیارت کرنے والی عورتوں پر لعنت بھیجی ۔
( سنن الترمذی کتاب الجنائز باب ماجاء فی کراھیہ زیارۃ القبور للنساء ح 1056 وقال: ھذا حدیث حسن صحیح " وصححہ ابن حبان الاحسان :3178 وسندہ حسن )
تنبیہ (2) عورتوں کا غیر لوگوں کی قبروں کی زیارت کرنا ممنوع ہے ۔سنن ابی داود کی ایک حدیث کا خلاصہ یہ ہے کہ نبیﷺ نے (اپنی امت کو سمجھانے کے لیے ) اپنی پیاری بیٹی فاطمہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا : اگر تو کدی( قبرستان) تک چلی جاتی تو۔۔۔۔آپ نے سخت الفاظ بیان فرمائے ۔
( ح 3123 وسندہ صححہ الحاکم علی شرط الشیخین 1/ 373۔ 374 ووافقہ الذہبی (1) وحسنہ المنذری والہیثمی ) اس حدیث کے راوی ربیعہ بن سیف جمہور محدثین کے نزدیک ثقہ وصدوق ہیں ۔
( دیکھئے نیل المقصود قلمی 2/714ح3123 وعمدۃ المساعی تحقیق سنن النسائی قلمی 1/188ح1881)
اس شدید وعید والی حدیث سے ثابت ہے کہ عورتوں کے لئے غیر مردوں کی قبرون پر جانا ممنوع ہے ۔
صحیح مسلم میں ہے کہ آپ ﷺ نے فرمایا : «فزوورا القبور فانها تذكركم الموت» پس قبروں کی زیارت کرو کیونکہ یہ(زیارت) تمہیں موت یاد دلائے گی ۔( ح 108 /976 ودارالسلام : 2259)
سیدنا بریدہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا :
اور میں نے تمہیں قبروں کی زیارت سے منع کیاتھا پس جو شخص زیارت کرنا چاہے تو کرلے اور (وہاں) باطل باتیں نہ کہنا ( سنن النسائی 4/89ح 2035 والسنن الکبریٰ للنسائی :2160 اسنادہ صحیح / عمدۃ المساعی 1/ 203)
2) قبرستان میں جانے سے موت اور آخرت کی یاد تازہ ہوتی ہے ۔انسان نصیحت وعبرت حاصل کرتا ہے جیسا کہ ابھی گزرچکا ہے ۔
3۔ قبرستان میں جا کر مسلمان مردوں کےلیے دعائےاستغفار کی جاتی ہے۔
ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب