السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیا عورت غیر آدمی کو السلام علیکم کہہ سکتی ہے جس طرح عورت دوکان میں یا کسی کے گھر میں داخل ہو وہاں آدمی بھی ہیں اور عورتیں بھی آنے والی عورت کو کیا اجازت ہے کہ السلام علیکم زبان سےاداکرے؟
چند آدمیوں کا خیال ہے غیر محرم عورت غیر محرم آدمی کو السلام علیکم نہیں کہہ سکتی ۔؟
وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
عورت غیر محرم کو سلام کہہ سکتی ہے بشرطیکہ فتنہ کا ڈر نہ ہو ۔صحیح مسلم میں ام ہانی رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی حدیث میں ہے میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم غسل فرمارہے تھے میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سلام کہا (بحوالہ فتح الباری:11/34)
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی صحیح میں بایں الفاظ تبویب قائم کی ہے ۔
«باب تسليم الرجال علي النساء والنساء علي الرجال»
یعنی"مرد عورتوں کو سلام کہہ سکتے ہیں اور عورتیں مردوں کو سلام کہہ سکتی ہیں ۔"
ھذا ما عندي واللہ اعلم بالصواب