السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
میں نے کتاب ’’ انساب العرب‘‘ ص ۱۲۵ میں پڑھا ہے کہ رسول کریمﷺنے ابو ذر غفاری رضي الله عنه سے فرمایا کہ چار کے سوا تمام انبیاء عجمی تھے اور وہ چار یہ ہیں(1)ہود (2) صالح(3)شعیب اور(4)نبیل۔ سوال یہ ہے کہ نبیل سے مراد کون سے نبی ہیں؟ ان چار اسماء کے ضمن میں ہمارے نبیﷺ کا اسم گرامی کیوں نہیں ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
انساب العرب کے اس نسخہ میں یہ طباعت کی غلطی ہے کیونکہ نبیل کسی بھی عربی یا عجمی نبی کا نام نہیں ہے۔ یہاں اصل الفاظ اس طرح تھے ’’ ونبیك یا ابا ذر‘‘ یعنی یہ نبیک ، کاف کے ساتھ ہے۔ لام کے ساتھ نہیں ہے اور یہ آپ کا اپنی ذات گرامی کی طرف اشارہ تھا یعنی اے ابو ذر! چوتھے آپ کے نبی ہیں۔ آپ عرب ہیں اور آپ پر قرآن مجید بھی واضح اور فصیح عربی زبان ہی میں نازل ہوا ہے۔
ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب