السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
صحابی کی کیا تعریف ہے، کیا حضرت حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہما صحابی تھے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
صحابی وہ ہوتا ہے جس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بحالت ایمان ملاقات کی ہو اور اسلام پر ہی وفات پائی ہو۔ یہ جامع تعریف حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اپنی کتاب ’’نخبۃ الفکر‘‘ میں فرمائی ہے۔ اس تعریف کے مطابق حضرت حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہما صحابہ کرام میں شامل ہیں۔ اور اس میں کوئی شبہ نہیں ہے۔ دراصل اہل بیت کے متعلق شیعہ حضرات کے مبنی برغلو پروپیگنڈا کے رد عمل میں یہ منفی ذہن ابھرا کہ کچھ لوگوں نے حضرت حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہما کی صحابیت سے انکار کردیا اور ان کی فضیلت کے متعلق جو روایات ہیں انہیں خودساختہ اور بے اصل قرار دیا، جیسا کہ خلافت معاویہ و یزید نامی کتاب میں صراحت کے ساتھ لکھا گیا ہے: (ص۴۴۰) حالانکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اپنے لئے مہکتے ہوئے ’’گل عنبرین‘‘ قرار دیا ہے۔ [صحیح بخاری، المناقب: ۳۷۵۳]
اس لئے حضرت حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہما کے متعلق بھی دیگر صحابہ کی طرح حسن ظن رکھنا چاہیے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب