سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(409) سنتِ رسول پر اطاعت والدین کو ترجیح دینا

  • 12420
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-27
  • مشاہدات : 1122

سوال

(409) سنتِ رسول پر اطاعت والدین کو ترجیح دینا

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

میں نماز میں رفع الیدین رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  کی سنت سمجھ کر کرتا ہوں جبکہ میرے والدین اس کے خلاف ہیں اوران کااس سنت کوچھوڑ دینے پر اصرار ہے، چونکہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے حج اور جہاد کے موقع پر اطاعت والدین کوترجیح دی ہے۔اب مجھے اس سلسلہ میں کیا کرنا چاہیے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

بشرط صحت سوال واضح ہوکہ نماز میں رفع الیدین ایک ایسی سنت ہے جس کا ترک ایک دفعہ بھی ثابت نہیں ہے، اس کے متعلق مروی احادیث حدتواتر کوپہنچتی ہیں اورنہ ہی اس سنت کانسخ ثابت ہے، جیساکہ بعض اہل علم کی طرف سے دعویٰ کیاجاتا ہے کہ یہ عمل ا س معنی میں سنت نہیں کہ اگراسے ادانہ کیاجائے توکوئی حرج نہیں ہے بلکہ اس معنی میں سنت ہے کہ نماز اداکرنے کایہی طریقہ ہے اورحدیث نبوی میں ہے کہ اس طریقہ سے نمازپڑھو۔جس طرح مجھے نمازپڑھتے ہوئے دیکھا ہے ۔اس کاتقاضایہ ہے کہ اس کے بغیرنماز نہ پڑھی جائے،بلکہ اس کے بغیر نماز ادا کرنا ہمارے نزدیک نامکمل ادھوری نماز ہے، نیز اس میں اللہ کی عظمت اور کبریائی کابھی اظہار ہے ۔رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کاتقاضایہی ہے کہ ہر اس اداکوعمل میں لایاجائے جسے رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنایا ہے ۔خاص طورپر آپ کی سنت کو مصلحت یار واداری کی بھینٹ نہ چڑھایاجائے ،باقی رہامسئلہ اطاعت والدین کاتواس کی کچھ حدو د و قیودہیں۔اس کے متعلق شریعت اسلامیہ کاایک بنیادی اصول یہ ہے کہ ’’اللہ کی نافرمانی میں کسی مخلوق کی بات کونہ ماناجائے۔‘‘ لہٰذارفع الیدین کی سنت پرعمل کرنے میں والدین کاناراض ہونامحل نظر ہے ۔حج اورجہاد کے موقع پر رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے خدمت والدین کے لئے بعض صحابہ کرام  رضی اللہ عنہم کوحکم دیاتھا کیونکہ والدین کی خدمت دین اسلام کاایک اہم فریضہ ہے اوراسے ادا کرتے رہنا چاہیے۔ لیکن آج تواس فریضہ کوبھی خودساختہ جہاد کی بھینٹ چڑھایاجارہاہے ۔تاہم ادب واحترام کے دائرہ میں رہتے ہوئے والدین کورفع الیدین کی سنت کااحساس دلایاجائے اوراس سلسلہ میں ان کے ساتھ نرمی اورحسن سلوک کابرتاؤکیاجائے ۔امید ہے کہ اللہ کے ہاں رفع الیدین جیسی اہم سنت پر عمل کرنے والا والدین کانافرمان نہیں ٹھہرایاجائے گا۔

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:412

تبصرے