السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
شوال کے چھ روزوں کے بارے میں افضل صورت کیا ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
افضل یہ ہے کہ شوال کے چھ روزے عید کے فوراً بعد شروع کر دیے جائیں اور مسلسل رکھے جائیں جیسا کہ اہل علم نے فرمایا ہے کیونکہ اتباع پر عمل کی بہترین صورت یہی ہے جس کا حدیث میں اس طرح ذکر کیا گیا ہے:
«ثُمَّ اَتْبَعَه سِتًّا» (صحيح مسلم، الصيام، باب استحباب صوم ستة ايام من شوال، ح: ۱۱۶۴)
’’پھر اس کے بعد شوال کے چھ روزے رکھے۔‘‘
اور پھر نیکی کی طرف سبقت کی صورت بھی یہی ہے جس کی نصوص شریعت میں ترغیب دی گئی ہے اور جس کے سر انجام دینے والے کی ستائش کی گئی ہے۔ حزم واحتیاط کا بھی یہی تقاضا ہے، جو کمال عبدیت ہے۔ انسان کو فرصت کے لمحات میسر آئیں تو انہیں ضائع نہیں کرنا چاہیے کیونکہ معلوم نہیں کہ اس انسان کو کس طرح کے حالات پیش آئیں، لہٰذا فرصت کو غنیمت جانتے ہوئے فوراً نیکی کے کام کرنے چاہئیں اور تمام امور و معاملات میں انسان کو یہی طرز عمل اختیار کرنا چاہیے بشرطیکہ وہ نیک اور صالح امور ہوں۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب