سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(319) خاوند کا اپنی بیوی کو اپنے والدین کی خدمت کے لیے مجبور کرنا

  • 12310
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-19
  • مشاہدات : 1576

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

اگربیوی اپنی مرضی سے خاوند کے والدین کی خدمت نہ کرے توکیاخاونداپنی بیوی کواپنے والدین کی خدمت کے لئے مجبور کر سکتا ہے؟ قرآن وحدیث کی روشنی میں فتویٰ دیں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

انسان کے لئے دنیا میں اسلام کے بعد والدین کازندہ ہوناسب سے بڑی نعمت ہے اوران کاخوشگوار ہونا سعادت مندی کی علامت ہے ۔بیوی کوچاہیے کہ وہ خاوند کی طرح اس کے والدین کی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی کوروانہ رکھے، اگرچہ قرآن وحدیث میں ان کی خدمت کرنے کے متعلق کوئی صریح نص موجود نہیں ہے، تاہم ایسے واضح اشارات ضرورملتے ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ بہوکواپنے سسرال کی خدمت کرناچاہیے اوریہ سسرال کاحق ہے ۔چنانچہ حضرت ابراہیم  علیہ السلام جب اپنے لخت جگر حضرت اسماعیل  علیہ السلام سے ملاقات کے لئے تشریف لائے تواس وقت حضرت اسماعیل  علیہ السلام گھر میں موجودنہیں تھے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام واپسی کے وقت اپنے لخت جگر کواپنی بہوکے متعلق طلاق دینے کااشارہ فرماگئے تھے، اس کی دیگر وجوہات میں سے ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اس نے حضرت ابراہیم  علیہ السلام کے مطالبہ کے باوجودان کی خدمت نہیں کی تھی بلکہ ناشکری کا اظہار کرتے ہوئے انتہائی نازیباکلمات کہے تھے ۔[صحیح بخاری ،الانبیاء :۳۳۶۵]

اسی طرح حضرت جابربن عبداللہ رضی اللہ عنہما نے جب ایک بیوہ سے شادی کی تورسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں کنواری سے شادی کرنے کی ترغیب دی ۔حضرت جابر رضی اللہ عنہما نے شوہردیدہ کے انتخاب کی یہ وجہ بتائی کہ میرے والد گرامی غزوۂ احدمیں شہید ہوگئے ہیں اور پس ماندگان میں نولڑکیاں ہیں جن میں صرف تین شادی شدہ ہیں میں نہیں چاہتا کہ گھر میں ان جیسی کسی ناتجربہ کار کنواری کو لاؤں بلکہ میں نے تجربہ کار شوہر دیدہ سے شادی کی ہے تاکہ وہ ان کی کنگھی کرے اوران کاہر طرح سے خیال رکھے ۔رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  نے ان کے جذبات کی تصویب فرمائی۔     [صحیح بخاری ،المغازی :۴۰۵۲]

اس حدیث سے معلوم ہوا ہے کہ خاوند اپنی بیوی سے اپنی بہنوں کی خدمت کراسکتا ہے تووالدین کامقام بہنوں سے کہیں بڑھ کرہے۔ ان کے علاوہ اوربھی دلائل دیے جاسکتے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ عورت کے لئے جہاں یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے خاوند کی خدمت میں کوتاہی نہ کرے، وہاں اس بات کابھی خیال رکھنا ہوگا کہ خاوند کے والدین میرے حقیقی والدین کی طرح ہیں، لہٰذا ان کی خدمت کرنے کوبھی اپنے لئے سعادت خیال کرے۔ خاوند کو چاہیے کہ وہ افہام و تفہیم کے ذریعے ایسے کاموں کو سرانجام دے اور محبت و اتفا ق کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے خود بھی والدین کی خدمت کرے اور اپنی بیوی کو بھی یہ سعادت حاصل کرنے کے لئے پابندبنائے ۔    [واللہ اعلم]

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:332

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ