السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
ہم تین بھائیوں نے اپنے والدمحترم کے ساتھ مل کر ایک قطعہ زمین خریداتھا۔ ہماراچوتھا بھائی عرصۂ دراز سے بالکل الگ تھلگ رہتا ہے اوراس نے مذکورہ زمین کی خریداری میں کوئی پائی پیسہ بھی نہیں دیاتھا ۔وہ بھی اس قطعہ زمین سے حصہ لینے کادعویدار ہے۔ والد کی وفات کے بعدشرعی طورپر اس زمین میں اس کاکتناحصہ بنتا ہے، نیزہماری دوبہنوں اوروالدہ کاحصہ بھی بتا دیں؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
باپ کے پاس رہنے والی اولاد کی کمائی باپ کی ہی شمار ہوتی ہے اِلاَّیہ کہ اولاد کاالگ حق ملکیت تسلیم کرلیاجائے۔ صورت مسئولہ میں قطعہ زمین خریدتے وقت تینوں بیٹے باپ کے ساتھ شراکت کے طورپر حصہ داربنے ہیں، یعنی ان کاالگ حق ملکیت تسلیم کرلیاگیا ہے ۔ایسی صورت حال کے پیش نظر اگرباپ کوضرورت ہوتو وہ قطعہ زمین اپنے لئے رکھ سکتا ہے، جیسا کہ حدیث میں ہے: ’’تو اور تیرا مال باپ کے لئے۔‘‘ لیکن باپ کی طرف سے اس قسم کی ضرورت کا اظہار کئے بغیر بھائی کویہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اس حدیث کی آڑ میں پورے قطعہ زمین سے اپنا حق لینے کا دعویٰ کرے۔وہ صرف اتنے حصے میں شریک ہوگا جو باپ کاحصہ رسدی ہے، مثلاً: اگر زمین خریدتے وقت باپ کاچوتھا حصہ تھا تواس کا وہ بیٹا جوزمین خریدنے میں شریک نہیں ہوا صرف باپ کے چوتھے حصے میں دوسرے ورثا کے ساتھ شریک ہوگا ۔اب باپ کی وفات کے بعد پس ماندگان میں اس کی بیوہ ،دوبیٹیاں اورچاربیٹے ہیں، اس لئے باپ کی کل جائیداد سے بیوہ کو1/8اورباقی 7/8 بیٹے اوربیٹیاں اس طرح تقسیم کریں کہ ایک بیٹے کو بیٹی سے دوگناملے۔ سہولت کے پیش نظر متوفی کی کل جائیداد کے 80حصے کرلئے جائیں۔ان میں آٹھواں حصہ، یعنی 10حصے بیوہ کو دیے جائیں اورباقی 70 حصوں کو چودہ حصے فی لڑکا اورسات حصے فی لڑکی کے حساب سے تقسیم کر دیے جائیں۔
متوفی:80 = بیوہ 10لڑکا 14لڑکا 14لڑکا 14لڑکا 14لڑکی 7لڑکی 7
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب