السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
ہمارے ہاں مسجد کی گیلری میں عورتوں کے لئے نماز تراویح کااہتمام کیاگیا ہے، صحن مسجد میں نمازتراویح کی وجہ سے اس صورت میں عورتیں گیلری میں امام کے آگے ہوجاتی ہیں، کیا اس طرح ان کانماز تراویح پڑھنادرست ہے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دورمبارک میں عورتیں ،مردوں کے پیچھے کھڑی ہوتی تھیں ۔اس کے متعلق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کاارشاد گرامی ہے: ’’عورتوں کی بہترین صف آخری اوربدترین پہلی صف ہے۔‘‘ [صحیح مسلم ،الصلوٰۃ :۴۴۰]
اس کی وجہ یہ ہے کہ عورتوں کی آخری صف مردوں سے زیادہ دور اوران کی پہلی صف مردوں سے زیادہ قریب ہو گی، ہاں، اگرعورتوں کے لئے نماز کی الگ جگہ مخصوص ہو، یعنی ’’مصلی النساء ‘‘الگ ہوتواس صورت میں مردوں کی طرح ان کی پہلی صف ہی بہتر ہوگی ،بہرحال مذکورہ حدیث سے یہ پتہ چلتا ہے کہ عورتیں مردوں کے پیچھے کھڑی ہوتی تھیں، عورتوں کامردوں کے آگے کھڑا ہونااسوۂ نبوی کے خلاف ہے۔ کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک مرتبہ حضرت انس رضی اللہ عنہ کی دادی حضرت ملیکہ رضی اللہ عنہا کے گھر تشریف لے گئے،توآپ نے وہاں نماز پڑھی، حضرت انس رضی اللہ عنہ اوران کابھائی آپ کے پیچھے کھڑے ہوئے اورحضرت ملیکہ رضی اللہ عنہا اکیلی ان دونوں کے پیچھے کھڑی ہوئیں، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں دورکعت پڑھائیں۔ [صحیح بخاری ،الصلوۃ:۳۸۰]
امام ترمذی رحمہ اللہ نے اس حدیث کوبیان کرنے کے بعدلکھا ہے کہ جب امام کے ساتھ ایک مرد اورایک عورت ہوتو مردکوامام کی دائیں جانب اورعورت کوان دونوں کے پیچھے کھڑا ہونا چاہیے۔ [ترمذی، الصلوٰۃ: ۲۳۴]
ویسے بھی صورت مسئولہ میں عورتیں امام سے بھی آگے ہوجاتی ہیں جوکسی حالت میں درست نہیں ہے۔ اس لئے عورتوں کے لئے نمازتراویح پڑھانے کاکوئی متبادل بندوبست کرلیاجائے ۔ [واللہ اعلم ]
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب