سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(168) عذابِ قبر کی حقیقت

  • 12139
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-24
  • مشاہدات : 3717

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کچھ لوگوں کاخیال ہے کہ عذاب قبر کی کوئی حقیقت نہیں ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ نے حساب وکتاب کے لئے قیامت کادن رکھا ہے، اس دن میں لوگوں کاحساب ہوجائے گا توپھر جزا وسزا کامعاملہ شروع ہوگا جب تک حساب وکتاب نہیں ہوجاتا اس وقت تک نہ کوئی سزا ہے نہ جزا قبرصرف مردوں کو دفن کرنے کے لئے ہے۔ آپ سے گزارش ہے کہ عذاب قبر کے متعلق قرآن و حدیث کے مطابق ہماری راہنمائی فرمائیں، واضح رہے کہ جن لوگوں کاموقف بیان ہوا ہے ان کاکہنا ہے کہ عذاب قبر سے متعلق احادیث صحیح نہیں ہیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

امام بخاری رحمہ اللہ  نے اپنی صحیح میں عذاب قبر کے متعلق ایک عنوان قائم کیا ہے، اس کے تحت ایک حدیث لاتے ہیں کہ حضرت عائشہ  رضی اللہ عنہا کے پاس ایک یہودی عورت آئی اورعذاب قبر کاتذکرہ کرتے ہوئے ذکر کیا کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو عذاب قبر سے محفوظ رکھے، حضرت عائشہ  رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کے متعلق دریافت کیا توآپ نے فرمایا: ’’عذاب قبربرحق ہے‘‘۔    [صحیح بخاری ،الجنائز :۱۳۷۲]

اس کے علاوہ امام بخاری رحمہ اللہ  نے متعدد احادیث کاحوالہ دیا ہے جن میں عذاب قبرکی صراحت ہے لیکن سوال میں جن لوگوں کاحوالہ دیا گیا ہے وہ احادیث کے منکر ہیں کیونکہ یہ ان کے موقف کے خلاف ہیں اس لیے ایسے لوگوں کیساتھ جزوی مسائل میں الجھنے کی بجائے بنیادی مسئلہ پربات کرنی چاہیے کہ حدیث کی کیاحیثیت ہے؟ کیا اس کی بنیاد وحی پرمبنی ہے؟ کیاان کے بغیر تمام شریعت کوصرف قرآن پاک سے ثابت کیاجاسکتاہے چونکہ سوال عذاب قبر کے متعلق ہے، وہ بھی ان لوگوں کے حوالہ سے جوصحیح احادیث کونہیں مانتے، اس لئے ہم اسے قرآن سے ثابت کرتے ہیں، اختصار کے پیش نظر صرف ایک آیت پیش خدمت ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ  نے تواس سلسلہ میں متعد د آیات کاحوالہ دیا ہے، ارشادباری تعالیٰ ہے :

’’اور آل فرعون خود ہی برے عذاب میں گھر گئے وہ صبح وشام آگ پرپیش کیے جاتے ہیں۔

 اورجس دن قیامت قائم ہوگی تو(حکم )ہوگا کہ آل فرعون کوسخت ترین عذاب میں داخل کر دو۔‘‘    [۴۰/المؤمن :۴۶]

اس آیت میں صراحت ہے کہ آل فرعون کے غرق ہونے کے دن سے لے کر قیامت تک ان کی ارواح کوہرروزصبح وشام اس دوزخ پرلاکھڑا کیاجاتا ہے، جس میں وہ قیامت کے دن اپنے جسموں سمیت داخل ہونے والے ہیں۔ موت سے قیامت تک کا عرصہ ’’برزخ‘‘ کہلاتا ہے اور یہ قبرکے جملہ مراحل ہیں۔ اس آیت کریمہ میں عذاب برزخ ،دوسرے الفاظ میں ’’عذاب قبر‘‘ کی صراحت ہے۔ جس سے منکر حدیث کوبھی انکار نہیں ،عذاب قبر عقلی لحاظ سے بھی غیرممکن نہیں ،ہمارے ہاں ملزم کوپکڑکرحوالات میں رکھاجاتا ہے وہاں وہ مصائب وآلام سے دوچار ہوتا ہے، اس پرمقدمہ چلایا جاتا ہے۔ فیصلے کے دن کے بعداسے حوالات سے نکال کرجیل کی کوٹھری میں بند کر دیا جاتا ہے، جرم ثابت ہونے سے پہلے اسے جس قیدوبند میں رکھاجاتا ہے اوروہاں اسے تکلیف کاسامنا کرناپڑتا ہے اسے کس کھاتہ میں ڈالا جائے گا؟ عذاب قبر کابھی یہی معاملہ ہے کہ اسے ایک ملزم کی حیثیت سے قبر میں رکھاجاتا ہے اوراسے تکلیف کاسامنا کرناپڑتا ہے، پھرقیامت کے دن اس پرفرد جرم عائد کی جائے گی اورمتعدد شہادتوں سے اس کے جرم کوثابت کر کے، پھر مجرم کی حیثیت سے دوزخ کے حوالے کیاجائے گا مذکورہ آیت کریمہ میں تمام مراحل کو آسانی سے دیکھاجاسکتا ہے ۔    [واللہ اعلم ]

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:205

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ