سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(137) نمازِ جمعہ میں پڑھی جانے والی سورتیں

  • 12092
  • تاریخ اشاعت : 2024-05-24
  • مشاہدات : 3286

سوال

(137) نمازِ جمعہ میں پڑھی جانے والی سورتیں

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

ہمارے اکثر خطبا نماز جمعہ میں سورۃ الاعلیٰ اور سورۃ الغاشیہ پوری نہیں پڑھتے، بعض حضرات ان سورتوں کے علاوہ اورسورتیں پڑھتے ہیں ان کااستدلال ارشادباری تعالیٰ کا عموم ہے کہ قرآن سے جوآسان ہوپڑھ لو کیا ان کایہ عمل مطابق سنت ہے یامخالفت سنت؟ وضاحت فرمائیں۔


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

   اس میں کوئی شک نہیں کہ رسول  اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم نماز جمعہ کی رکعات میں سورۃ الاعلیٰ اور سورۃ الغاشیہ پڑھتے تھے، چنانچہ نعمان بن بشیر  رضی اللہ عنہ کابیان ہے کہ رسول  اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم دونوں عیدوں اورجمعہ کی نماز میں ’’سَبِّحِ اسْمَ رَبِّکَ الْأَعْلٰی اور ھَلْ اَتَاکَ حَدِیْثُ الْغَاشِیَة‘‘ پڑھتے تھے۔ اگرعید اورجمعہ ایک دن میں جمع ہوتے توپھر بھی آپ دونوں سورتیں عیدین اور جمعہ کی نمازوں میں پڑھتے۔     [صحیح مسلم، الجمعہ: ۸۷۸]

جمعہ کی نماز میں سورۂ جمعہ اورسورۂ منافقون پڑھنا بھی صحیح روایت سے ثابت ہے ،چنانچہ حضرت ابوہریرہ  رضی اللہ عنہ نے ایک دفعہ جمعہ کی نماز پڑھائی تواس میں سورۂ جمعہ اورسورۂ منافقون کوتلاوت کیااورفرمایا میں نے رسول  اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کوجمعہ کی نماز میں ان سورتوں کو پڑھتے ہوئے سناہے۔     [صحیح مسلم، الجمعہ: ۸۷۷]

                ان احادیث کے پیش نظر ہمارے خطبا حضرات کو چاہیے کہ وہ نماز جمعہ میں ان سورتوں کومکمل پڑھنے کا التزام کریں ،سوال میں ذکر کردہ جس آیت کاحوالہ دیا گیا ہے اس کے عموم کو رسول  اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم کے معمولات کے تناظر میں دیکھنا چاہیے ،البتہ اگرکوئی ان سورتوں کونامکمل پڑھتا ہے یاان کے علاوہ دوسری سورتوں کونماز میں پڑھتا ہے تواس کے جواز میں کوئی شبہ نہیں، اگر چہ سنت پرعمل کرنے کے لئے ثواب سے محرومی ہو گی، تاہم ایسا کرنے کا جواز ہے۔ امام بخاری رحمہ اللہ  نے اپنی صحیح میں ایک باب بایں الفاظ میں قائم کیا ہے:

’’دو سورتوں کوایک رکعت میں جمع کرنا یاکسی سورت کی ابتدائی یا آخری آیات پڑھنا یاموجودہ ترتیب کے خلاف پڑھنایہ جائز ہے۔‘‘ پھر آپ نے اس کے جواز کے لئے چند ایک روایات اورآثا ر بھی پیش کئے ہیں۔    [صحیح بخاری، الاذان: ۱۰۶]

البتہ سنت کے احیا کاتقاضا ہے کہ خطبا حضرات عیدین اورجمعہ کی نماز میں وہی سورتیں پڑھنے کی پابندی کریں جو رسول  اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  پڑھتے تھے تاکہ اہل حدیث کی علامت اورامتیازی حیثیت برقرار رہے ۔   

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:172

تبصرے