سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(110) فرض نماز کے بعد نفل یا سنت پڑھنے کے لیے جگہ بدلنا

  • 12065
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-25
  • مشاہدات : 1799

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

کیافرض نماز پڑھنے کے بعد سنت یانفل پڑھنے کے لئے جگہ تبدیل کرناچاہیے یااسی جگہ ہی انہیں ادا کیا جاسکتا ہے؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

فرض نماز اد اکرنے کے بعد سنت یانفل پڑھنے کے لئے جگہ تبدیل کرلی جائے یاگفتگو کے ذریعے ان کے درمیان فاصلہ کرلیاجائے ،کیونکہ حدیث میں ہے حضرت امیر معاویہ  رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول  اللہ   صلی اللہ علیہ وسلم  نے ہمیں حکم دیا ہے: ’’ہم ایک نماز کے ساتھ دوسری نماز نہ ملائیں تاآنکہ گفتگوکرلیں یا مسجد سے نکل جائیں ۔ ‘‘    [صحیح مسلم :۸۸۳]

ایک صحابی بیان کرتے ہیں کہ رسول  اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  نے نماز عصر ادافرمائی، پھرایک آدمی کھڑا ہوکر نماز پڑھنے لگا ،اسے حضرت عمر رضی اللہ عنہ  نے دیکھا توکہا بیٹھ جاؤ! کیونکہ اہل کتاب کواس بات نے ہلاک کیا تھا کہ ان کی نمازوں میں فاصلہ نہیں ہوتا تھا۔ تب رسول اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  نے فرمایا: ’’ابن خطاب! نے بہت اچھی بات کہی ہے۔‘‘     [مسند امام احمد، ص:۳۶۸،ج ۵]

نیز رسول  اللہ  صلی اللہ علیہ وسلم  کا ارشاد گرامی ہے: ’’کیا تم میں سے کوئی عاجز ہے کہ وہ آگے بڑھے یاپیچھے ہٹے یابائیں دائیں ہوکر نماز پڑھ لے یعنی نفل نماز ۔ ‘‘     [ابوداؤد: ۱۰۰۶]

یہ امر مستحب ہے تاکہ سجدہ کرنے کی جگہیں زیادہ ہوں۔     [واللہ  اعلم]

ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب

فتاویٰ اصحاب الحدیث

جلد:2 صفحہ:147

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ