السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
بعض دفعہ ایک شیطانی سوال ذہن میں آجاتاہے کہ اﷲ تعالیٰ نے تمام مخلوق کوپیدا کیا ہے توآخر اﷲ تعالیٰ کوکس نے پیدا کیا ہے ؟اس قسم کے خیالات کوکیونکر دور کیاجاسکتاہے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک شیطانی سوال اورگمراہ کن وسوسہ ہے ۔حدیث میں اس کی صراحت ہے جب شیطان اس قسم کے سوالات ذہن میں لائے توانسان کوفورًا اﷲ تعالیٰ کی پناہ میں آجاناچاہیے ۔یعنی ’’اَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطَانِ الرَّجِیْمِ۔‘‘ پڑھنا چاہیے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے :
’’اور اگرتمہیں شیطان کی طرف سے کوئی وسوسہ پیدا ہوتو فوراًاﷲ تعالیٰ کی پناہ مانگ لیاکرو،وہ سننے والا اورجاننے والاہے۔‘‘ [۴۱/حٰمٓ السجد ہ :۳۶]
شیطان کے اس مکرو فریب کو دور کرنے کے لیے ہمیں درج ذیل دعاپڑھنے کی تلقین کی گئی ہے:
’’اٰمَنْتُ بِاللّٰہِ وَرُسُلِہِ اَللّٰہُ اَحَدٌ اَللّٰہُ الصَّمَدُ لَمْ یَلِدْ وَلَمْ یُوْلَدْ وَلَمْ یَکُنْ لَّہُ کُفُوًا اَحَدٌ۔‘‘
’’میں اﷲ اوراس کے رسولوں پرایمان لایا ،اﷲایک ہے، اللہ بے نیاز ہے ،اس نے کسی کونہیں جنااورنہ وہ کسی سے جناگیا اوراس کاکوئی ہمسر نہیں ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ہماری پیش کردہ گزارشات، مسلم، الایمان: ۳۴۳؛ ابو داود، السنۃ: ۴۷۲۲؛ مسند امام احمد، ص ۳۳۱ج:۲ میں آنے والی احادیث کاخلاصہ ہیں۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب