السلام عليكم ورحمة الله وبركاته
کیا عورت کے لیے یہ جائز ہے کہ وہ اپنے شوہر کے لیے مال میں سے اپنی طرف سے یا اپنے کسی فوت شدہ عزیز کی طرف سے صدقہ کرے؟
وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاته!
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
یہ حقیقت معلوم ہے کہ شوہر کا مال، شوہر ہی کا مال ہے، لہٰذا کسی کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ اس کی اجازت کے بغیر اس کے مال میں سے صدقہ کرے۔ اگر شوہر نے اسے اجازت دے دی ہو کہ وہ اس کے مال میں سے اپنی طرف سے یا اپنے کسی فوت شدہ عزیز کی طرف سے صدقہ کر سکتی ہے، تو پھر کوئی حرج نہیں اور اگر اس نے اس کی اجازت نہ دی ہو تو پھر اس کے مال میں سے کسی قسم کا صدقہ کرنا بھی حلال نہیں، کیونکہ وہ اس کے شوہر کا مال ہے اور کسی مسلمان کے مال میں تصرف اس وقت تک حلال نہیں جب تک وہ خود بطیب خاطر اس کی اجازت نہ دے دے۔
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب