سرچ انجن کی نوعیت:

تلاش کی نوعیت:

تلاش کی جگہ:

(128) نماز کے بعد بآواز بلند کلمہ طیبہ پڑھنا

  • 11266
  • تاریخ اشاعت : 2024-04-19
  • مشاہدات : 1698

سوال

السلام عليكم ورحمة الله وبركاته

حافظ خالد محمود فیصل آباد سے دریافت کرتے ہیں کہ ہر نماز کے بعد باآواز بلند کلمہ کا ورد کرنا شرعاً کیسا ہے، نیز ہم جب قبرستان جاتے ہیں تو اہل قبورکو سلام کہتے ہیں کیا وہ ہمارا سلام سنتے اور جواب دیتے ہیں؟


الجواب بعون الوهاب بشرط صحة السؤال

وعلیکم السلام ورحمة الله وبرکاته!

الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!

ہر نماز کے بعد بلند آواز میں کلمہ طیبہ کا ورد کرنے کے متعلق کوئی حدیث منقول نہیں ہے۔البتہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے ایک قول بایں الفاظ مروی ہے:''فرض نماز کے بعد بلند آواز سے ذکر کرنا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد مبارک میں پایاجاتا تھا۔(صحیح بخاری :باب الذکر بعد الصلاۃ)

لیکن اس روایت میں مطلق ذکر کا بیان ہے، کلمہ لاالٰه الا الله کی تخصیص نہیں ہے۔بلکہ اس روایت کی وضاحت ایک دوسری حدیث سے ہوتی ہےجس میں حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کے اختتام کو ''اللہ اکبر'' کہنے سے معلوم کرتا تھا، یعنی آپ سلام پھیرنے کے بعد بلند آواز سے اللہ اکبر کہاکرتے تھے جس سے مجھے پتا چل جاتا کہ نماز ختم ہوچکی ہے۔

لیکن اس روایت کا ہمارے ہاں رائج کردار سے کوئی تعلق نہیں ہے۔جس میں نماز کے بعد سپیکرکھول کر آپس میں تال سر ملاتے ہوئے لاالٰه الا الله کی ضربیں لگائی جاتی ہیں۔ایسا کرنا نہ صرف خلاف سنت ہے بلکہ نمازی حضرات کے لئے باعث تشویش بھی ہے۔نیز ایسا کرنے سے ریا کاری اور نمائش کا پہلو زیادہ نمایاں ہوتا ہے۔ اس بنا پر نماز کے بعد ذکر اذکار آہستہ آواز سے کرناچاہیے تاکہ نمازیوں کےلئے اذیت کا باعث نہ ہو اور نہ ہی ریاکاری کاشائبہ پایا جائے۔

جہاں تک اہل قبور کو سلام کہنے کا تعلق ہے یہ ایک دعائیہ کلمہ ہے، یعنی یہ سلام دعا ہے، سلام تحیۃ نہیں جس کاجواب دینا سننےوالےکے لئے ضروری ہوتا ہے۔ اہل قبور کالفظ ہی اس حقیقت سے پردہ اٹھا رہا ہے کہ اس شہر خموشاں میں رہنے والوں کاتعلق اہل دنیا سےمنقطع ہوچکا ہے۔اب یہ حضرات عالم برزخ میں ہیں۔جس کا نظام دنیا کے نظام سے الگ تھلگ ہے۔اہل قبور کے سننے اور پھر ان کے جواب دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، قرآن مجید میں ہے:اے نبی صلی اللہ علیہ وسلم !آپ اہل قبور کو نہیں سنا سکتے۔''(35/فاطر:22)

اس نص قطعی کے بعد مردوں کے سننے کے لئے کونسی گنجائش رہتی ہے؟

ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب

فتاوی اصحاب الحدیث

جلد:1 صفحہ:159

ماخذ:مستند کتب فتاویٰ